Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’جوان‘ کی ایڈوانس بکنگ پر سوال، ’گھٹیا باتیں مت کرو یار‘

یہ شاہ رخ خان کی جنوبی انڈیا کے ہدایتکار ایٹلی کمار کے ساتھ پہلی فلم ہوگی۔ (فوٹو: اے ایف پی)
بالی وڈ کنگ شاہ رخ خان کی فلم ’جوان‘ 7 ستمبر کو دنیا بھر میں ریلیز ہونے جا رہی ہے اور گزشتہ روز سے ایڈوانس بکنگز کا سلسلہ جاری ہے۔
جوان فلم ابھی ریلیز نہیں ہوئی لیکن ٹکٹوں کی فروخت میں نیا ریکارڈ قائم ہونے جا رہا ہے۔
فلم کی پانچ لاکھ سے زائد ایڈوانس ٹکٹیں فروخت ہو چکی ہیں اور تقریباً 17 کروڑ انڈین روپوں کو کاروبار کر لیا ہے۔
انڈین میڈیا کے مطابق جوان کی 5 لاکھ سے زائد ٹکٹیں ٹو ڈی فارمیٹ کی فروخت ہوئی ہیں جبکہ 11 ہزار سے زائد آئی میکس فارمیٹ کی فروخت ہوئی ہیں۔
فلموں کے ٹریڈ کے تجزیہ کار ترن آدرش کہتے نے جوان کی ریلیز سے متعلق اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ ’بڑے سنیما گھروں (نیشنل چینز) میں جوان کی ایڈوانس بُکنگ شاندار ہے وہیں چھوٹے سنیما گھروں اور سنگل سکرینوں پر بھی ایڈوانس بکنگ نہایت عمدہ ہے۔ فلم کی ڈیمانڈ زیادہ ہونے کے باعث کئی سنیما گھروں کے مالکان صبح چھ بجے کے شو بھی شروع کر رہے ہیں۔‘
 
دوسری جانب فلم جوان کی ایڈوانس میں ٹکٹوں کی شاندار فروخت سے متعلق کہا جا رہا ہے کہ یہ دراصل کارپوریٹ بکنگ ہیں اور عام عوام اتنی ٹکٹیں نہیں خرید رہے۔
یہاں واضح رہے کہ کارپوریٹ بکنگ سے مراد ایسی بکنگ ہے جن میں فلم کے ساتھ شراکت دار برینڈ اپنے ملازمین اور اُن کے اہلخانہ کے لیے پورے سنیما ہال بُک کرتے ہیں۔
اس بارے میں اتوار کے روز جب ایک صارف نے شاہ رخ خان سے جوان کی کارپوریٹ اور اصلی بکنگ کے بارے میں پوچھا تو اِس پر کنگ خان نے کہا کہ ’یہ سوشل میڈیا والی گھٹیا باتیں مت کرو یار۔ سب کے لیے مثبت سوچ اور اچھے خیالات رکھیں۔ زندگی کے لیے یہی اچھا ہے۔‘
 
7 ستمبر کو انڈیا سمیت دنیا بھر کے سنیما گھروں کی زینت بننے والی فلم جوان کا گزشتہ ہفتے ٹریلر ریلیز کیا گیا تھا جسے اب تک چار کروڑ سے زائد مرتبہ دیکھا جا چکا ہے۔
 
یہ شاہ رخ خان کی جنوبی انڈیا کے ہدایتکار ایٹلی کمار کے ساتھ پہلی فلم ہوگی۔
جوان کی مرکزی کاسٹ میں شاہ رخ خان، نائنتھارا، وِجے سیتھوپاتھی، پریامانی، ثانیہ ملہوترا اور سنیل گروور شامل ہیں جبکہ دپیکا پاڈوکون اس فلم میں سپیشل کیمیو کر رہی ہیں۔

شیئر: