Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ولی عہد کا فوکس نیوز کو انٹرویو: سعودی عرب اور امریکہ کے تعلقات سمیت متعدد موضوعات کا احاطہ

 انٹرویو امریکہ کے ساتھ تعلقات کے حوالے سے موضوعات کا احاطہ کرے گا (فوٹو: ایس پی اے)
امریکی نشریاتی ادارے فوکس نیوز پر سعودی ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان کے ساتھ جمعرات 21 ستمبر کو رات ایک بجے خصوصی انٹرویو نشرکیا جائے گا۔
 چینل کے سینیئر سیاسی براڈ کاسٹر بریٹ بائر نے نیوم میں یہ انٹرویو کیا ہے۔ 
خبر رساں ایجنسی ایس پی اے نے فوکس نیوز کے  بیان کے حوالے سے بتایا کہ ’ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے ساتھ  انٹرویو سعودی عرب کے مستقبل اورامریکہ کے ساتھ تعلقات کے حوالے سے متعدد موضوعات کا احاطہ کرے گا۔‘ 
یہ انٹرویو فاکس نیوز پر ایک سپیشل رپورٹ پروگرام میں نشر کیا جائے گا۔ 2019 کے بعد امریکہ کے کسی بڑے نیوز چینل کے ساتھ  سعودی ولی عہد کا یہ پہلا انٹرویو ہوگا۔ 
’سعودی ولی عہد کے ساتھ فوکس نیوز کا انٹرویو بڑی اہمیت اختیار کیا ہے کیونکہ یہ علاقائی و بین الاقوامی تبدیلیوں کے تناظر میں ہے۔‘ 
عرب نیوز کے مطابق فوکس نیوز سعودی عرب کی تبدیلی کے حوالے سے دو روزہ خصوصی پروگرام نشر کر رہا ہے جس میں ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے ساتھ ایک خصوصی انٹرویو بھی شامل ہے۔
چینل کے تجربہ کار براڈکاسٹر بریٹ بائر سعودی عرب میں ہیں جہاں انہیں تیل، سماجی اصلاحات، اقتصادی تنوع اور امریکہ کے ساتھ تعلقات پر بات کرنے کے لیے کئی اعلیٰ حکام تک ’عیر معمولی رسائی‘ دی گئی ہے۔
بریٹ بائر نے پروگرام کے ایک پرومو میں کہا کہ’ سعودی عرب دنیا کے سب سے بڑے تیل پیدا کرنے والے ممالک میں سے ایک ہے، اسلام کی اصل، دنیا کا سب سے بڑا صحرا، دنیا کا سب سے بڑا نخلستان اور دنیا کا سب سے بڑا ایئرپورٹ۔‘
سیاسی لحاظ سے یہ کرہ ارض پر اہم ترین مقام ہے۔ عربوں اور مسلمانوں کے مرکز کے طور پر اہم سٹریٹیجک مقام ہے۔
فوکس نیوز نے مملکت کے سب سے دلچسپ ورثہ اور سیاحتی مقامات میں سے ایک کے بارے میں دریہ گیٹ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے گروپ سی ای او جیری انزیریلو سے بھی بات کی۔
بائر نے سعودی وزیر برائے سیاحت، معیشت، توانائی اورسپورٹس کے بھی انٹرویو کیے ہیں تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ کس طرح مملکت کا وژن 2030 سماجی اصلاحات اور اقتصادی تنوع کا ایجنڈا ملک کو تیل کی پیداوار پر انحصار سے دور کررہا ہے اور نئی صنعتوں میں توسیع کر رہا ہے۔

شیئر: