Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سکالرشپ پروگرام کے اہداف اجاگر کرنے کےلیے ملک گیر مہم

باصلاحیت افراد کو پیشکشوں سے فائدہ اٹھانے کی ترغیب دی جاتی ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
سعودی عرب میں مقدس مساجد کی انتظامیہ نے سکالرشپ پروگرام کے اہداف، داخلہ کے عمل اور مستقبل کے ممکنہ مواقع کے بارے میں بیداری کے حوالے سے ایک ملک گیر مہم شروع کی ہے۔ 
عرب نیوز کے مطابق منتظمین نے بتایا کہ ’ آپ ہماری پسند ہیں‘ کے سلوگن کے تحت چلائی جانے والی مہم غیر معمولی طور پر قابل اور باصلاحیت افراد کو راغب کرنے کی کوشش کرتی ہے اور انہیں معروف عالمی یونیورسٹیوں میں داخلہ لے کر پروگرام کی پیشکشوں سے فائدہ اٹھانے کی ترغیب دیتی ہے۔
منتظمین نے مزید بتایا کہ ’مہم کے ذریعے پروگرام کا مقصد مملکت کے تمام علاقوں اور صوبوں کے شہریوں تک پہنچنا ہے۔ مارچ 2022 میں شروع کیا گیا یہ پروگرام ہیومن کیپبلیٹی ڈویلپمنٹ پروگرام کمیٹی کے چیئرمین ولی عہد محمد بن سلمان کی جانب سے متعارف کرائی گئی حکمت عملی کا ایک اہم حصہ ہے۔
اس حکمت عملی نے سعودی عرب کے وژن 2030 میں بیان کردہ مقاصد کے مطابق 70 ہزار مرد اور خواتین طالب علموں کو 17 ممالک میں بھیجنے کا ہدف مقرر کیا ہے۔ پروگرام میں لیبر مارکیٹ کی ضروریات کو پورا کرنے اور امید افزا منصوبوں کو فروغ دینے کے چار الگ الگ حصے شامل ہیں۔
یہ حکمت عملی عالمی درجہ بندی کی بنیاد پر طالب علموں کو اعلیٰ تعلیمی اداروں میں بھیجنے کو ترجیح دیتی ہے جبکہ لیبر مارکیٹ کے تقاضوں، تحقیق، ترقی اور اختراع سے متعلق قومی ترجیحات پر غور کرتی ہے۔
مختلف شعبوں میں سکالرشپ کے مواقع حاصل کرنے میں دلچسپی رکھنے والے افراد ضروریات کو چیک کرنے کے لیے پروگرام کی ویب سائٹ پر جا سکتے ہیں۔ وہ تسلیم شدہ تعلیمی اداروں اور خصوصی شعبوں کی فہرست تک بھی رسائی حاصل کر سکتے ہیں۔
دلچسپی رکھنے والے افراد کی حوصلہ افزائی کی جاتی ہے کہ وہ داخلہ لینے کے لیے مختلف ممالک میں تسلیم شدہ تعلیمی اداروں سے رابطہ کریں اور وزارت تعلیم کے سفیر پلیٹ فارم کے ذریعے اپنی قبولیت کی درخواست جمع کرائیں۔

شیئر: