Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’کیا پہنتی ہوں یہ فیصلہ آپ نے نہیں کرنا‘، انڈین اینکر کا اسرائیلی نمائندے کو جواب

خاتون اینکر نے اسرائیلی نمائندے کو مزید بتایا کہ یہ ساڑھی اُن کی انجہانی دادی کی تھی اور اُن کی یہ ساڑھی کسی بھی ملک کی حمایت نہیں کرتی۔ (فوٹو: شریا ڈھونڈیال ٹوئٹر)
فلسطین اور اسرائیل کے درمیان جاری تنازعے کے سلسلے میں ایک نئی ویڈیو سامنے آئی ہے جس میں انڈیا کے ٹی وی چینل کی خاتون نیوز اینکر اور اسرائیل کی انٹیل سپیشل فورسز کے ایک نمائندے کے درمیان ٹی وی پر تلخ کلامی دکھائی دے رہی ہے۔ 
عرب نیوز کے مطابق انڈین نیوز اینکر کو شو میں مدعو اسرائیلی مہمان کے ہاتھوں تنقید کا نشانہ اس وجہ سے بنایا گیا ہے کہ خاتون اینکر نے مبینہ طور پر فلسطین کے جھنڈے کے رنگوں والی ساڑھی پہنی ہوئی تھی۔
اس شو میں انٹیل سپیشل فورسز کے نمائندے فریڈرک لنڈاؤ نے اینکر شریا ڈھونڈیال کو ٹی وی چینل ’مِرَر ناو‘ کے شو میں انٹرویو کے دوران بتایا کہ ’میں نے جان بوجھ کر سفید شرٹ کے ساتھ نیلی ٹائی اس وجہ سے پہنی ہوئی ہے کیونکہ آپ نے سبز، سرخ اور کالے (یعنی فلسطین کے جھنڈے کے رنگ) کی ساڑھی پہنی ہوئی ہے۔‘
اس کے جواب میں شریا ڈھونڈیال میں کہا کہ ’آئیں مذہب کے نام پر رنگوں کو تقسیم نہ کریں۔‘
خاتون اینکر نے اسرائیلی نمائندے کو مزید بتایا کہ یہ ساڑھی اُن کی انجہانی دادی کی تھی اور اُن کی یہ ساڑھی کسی بھی ملک کی حمایت نہیں کرتی۔
 
اس کے جواب میں فریڈرک لنڈاؤ نے غصے میں کہا کہ ’اسے کسی اور تہوار کے موقعے پر پہننے کے لیے رکھیں۔‘
اسرائیلی نمائندے کے جواب میں نیوز اینکر نے کہا کہ ’میں آپ کو اختیار نہیں دوں گی کہ آپ مجھے بتائیں کہ مجھے کیا پہننا ہے اور کیا بولنا ہے۔ میں وہ ہی کہوں گی جو سچائی ہے جو مجھے نظر آتی ہے۔‘

شیئر: