کویتی فیشن سٹار کو تین سال قید کی سزا، ڈرائیونگ لائسنس ضبط
جمعرات 26 اکتوبر 2023 5:41
کویتی فیشن سٹار کی ضمانت کی درخواست مسترد کر دی گئی تھی۔ (فائل فوٹو: عاجل)
کویت کی عدالت نے ٹریفک حادثے کے دوران قتل خطا کے کیس میں معروف فیشن سٹار فاطمہ المومن کو تین برس قید بامشقت کی سزا سنائی ہے۔
عاجل ویب کے مطابق عدالت نے فیشن سٹار کو قید کی سزا کے علاوہ ایک برس تک ڈرائیونگ لائسنس ضبط کرنے کی سزا بھی سنائی ہے۔
عدالت نے دس الزامات عائد کیے تھے جن میں قتل خطا، غلطی سے راہگیروں کو زخمی کرنا، نشے کی حالت میں ڈرائیونگ، انتہائی رفتار کی خلاف ورزی اور سگنل توڑنا شامل ہیں۔
عدالت نے یہ الزام بھی عائد کیا تھا کہ وہ انتہائی لاپرواہی سے گاڑی چلا رہی تھیں۔ گاڑی انشورڈ نہیں تھی اور پرمٹ بھی نہیں تھا۔
فاطمہ المومن پر سرکاری اور شہری املاک کو نقصان پہنچانے کا الزام بھی ہے۔
کویتی فیشن سٹار 14 ستمبر سے زیر حراست ہیں۔ ضمانت کی درخواست مسترد کر دی گئی تھی۔
یاد رہے کہ فیشن سٹار کو ٹریفک حادثے کے بعد حراست میں لیا گیا تھا۔
تیز رفتاری سے ڈرائیونگ کے دوران ان کی گاڑی ایک دوسری گاڑی سے ٹکرا گئی تھی جس پر چار افراد سوار تھے۔ دو موقع پر ہی ہلاک ہو گئے تھے۔