Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقہ میں رواں برس تلاش کی جانے والی ویب سائٹس 

غزہ جنگ کے حوالے سے بھی بڑے پیمانے پر سرچ کی گئی (فائل فوٹو: روئٹرز)
گوگل کی جانب سے ہر برس کے اختتام سے قبل سال بھر انٹرنیٹ پر سب سے زیادہ مقبول رہنے والی ویب سائٹس یا الفاظ کی فہرست جاری کی جاتی ہے۔
اس سے یہ اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ ایک سال کے دوران لوگوں کی زیادہ دلچسپی کے موضوعات کیا رہے۔ یہ نتائج پالیسی سازی کے علاوہ کاروباری کمپنیوں کے لیے بھی سودمند ثابت ہوتے ہیں۔ 
رواں برس بھی گوگل کی جانب سے مشرقِ وسطیٰ اور شمالی افریقہ میں انٹرنیٹ پر سب سے مقبول رہنے والے موضوعات کی فہرست جاری کی گئی ہے۔
ان میں مختلف خبریں، تقریبات، فلمیں، سیریز، میچز اور شخصیات وغیرہ شامل ہیں جنہیں سب سے زیادہ سرچ کیا گیا۔ 
عربی روزنامے شرق الاوسط نے اس حوالے سے گوگل کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ شائع کی ہے جس کے مطابق سب سے زیادہ خبریں سرچ کی گئیں جبکہ کھیلوں کے بارے میں بھی لوگوں کی غیرمعمولی دلچسپی ریکارڈ کی گئی۔ 
سنہ 2023 میں سب سے زیادہ مقبول کون سا کھیل رہا؟ 
سعودی عرب میں رواں برس سب سے زیادہ فٹ بال کے میچز اور پروگراموں سے متعلق معلومات تلاش کی گئیں۔ رپورٹ کے مطابق سعودی فٹ بال ٹیم الہلال اور ریئل میڈرڈ کے درمیان میچز کے حوالے سے معلومات سب سے زیادہ سرچ کی گئیں۔ 
فہرست میں مزید بتایا گیا ہے کہ سرچ انجن پر جو لفظ سب سے زیادہ تلاش کیا گیا ان میں عالمی فٹ بالرز میٹروویچ اور کریم بینزیما سرفہرست رہے۔ 
غزہ جنگ کے حوالے سے خبروں میں لوگوں کی غیرمعمولی دلچسپی دیکھی گئی۔ مذکورہ فہرست میں کرنسی کے حوالے سے پاکستانی روپے کی قدر میں کمی اور’برگرز ڈیزیز‘ کے بارے میں بھی لوگوں کی دلچسپی میں اضافہ ہوا۔ 

گوگل پر غزہ جنگ کے حوالے سے خبروں میں لوگوں کی غیرمعمولی دلچسپی دیکھی گئی (فائل فوٹو: اے ایف پی)

سعودی عرب میں مروجہ سرکاری پلیٹ فارمز میں سب سے مقبول ’ابشر‘ رہا جس کے بعد ’جدارت‘ اور ’اعتماد‘ پلیٹ فارمز کے بارے میں لوگوں نے سرچ کی۔ 
گوگل سرچ میں سال رواں میں مصر سے متعلق خبریں بھی تلاش کی گئیں جن میں صارفین کی زیادہ توجہ غزہ کی جنگ پر مرکوز رہی۔
مصری پونڈ کی قدر میں کمی کے حوالے سے بھی لوگوں نے معلومات حاصل کیں بعدازاں مصر میں آنے والے زلزلے کی خبریں بھی تلاش کی گئیں۔ 
کھلاڑیوں کے حوالے سے سب سے زیادہ تلاش کیے جانے والوں میں فٹ بالر ’امام عاشور‘ کا نام سرفہرست رہا۔ بعدازاں فلم آرٹسٹ جوزی بکر اور میڈیا پرسن باسم یوسف کا پیئرز مورگن کے ساتھ انٹرویو بھی تلاش کیا گیا۔ 
متحدہ عرب امارات کے حوالے سے گوگل رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کرکٹ میچوں میں سب سے زیادہ شائقین کی دلچسپی انڈیا اور سری لنکا کے میچ میں دیکھنے میں آئی۔  
’جی ٹیکس‘ کی سالانہ نمائش میں بھی لوگوں نے گہری دلچسپی لی۔ مختلف کانفرنسز اور باکسنگ ایونٹس کے بارے میں بھی معلومات تلاش کی جاتی رہیں۔ مراکش، شام اور ترکیہ میں زلزلوں کے حوالے سے خبروں میں بھی لوگوں کی دلچسپی نمایاں رہی۔

شیئر: