Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جدہ: لٹل ایشیا زون میں عجوبے اور ذائقے ساتھ ساتھ، سیاحوں کے دل موہ لیے

چین، تھائی لینڈ، جاپان، کوریا، فلپائن، انڈونیشیا، ویتنام اور سنگاپور کے فنون کو یکجا کیا گیا ہے۔ فوٹو عرب نیوز
جدہ ایونٹس کیلنڈر کے تحت لٹل ایشیا تفریحی زون میں مشرقی ایشیائی ثقافتوں کو ایک ساتھ پیش کیا جا رہا ہے۔

عرب نیوز کے مطابق اس زون میں مقامی افراد اور سیاحوں کے لیے بے حد دلچسپی کا سامان ہے، جہاں روایتی رسوم بھی دیکھنے کو ملتے ہیں اور طرح طرح کے لذیذ ذائقے بھی ان کا استقبال کرتے ہیں جبکہ شاپنگ کے مواقع اس کے علاوہ ہیں۔

جدہ سٹی واک سے لٹل ایشیا تک خصوصی طور پر ڈیزائن کئے گئے اس علاقے میں منفرد ذوق رکھنے والے ہر عمر کے افراد کے لیے چین، تھائی لینڈ، جاپان، کوریا، فلپائن، انڈونیشیا، ویتنام اور سنگاپور کی ثقافتوں اور فنون کو اکٹھا کیا گیا ہے۔
لٹل ایشیا ایونٹ میں ہونے والے پروگراموں میں لائیو میوزک، رومنگ ایکٹس کے علاوہ روایتی سامان، عمدہ ایشیائی دستکاری کا سامان اور ملبوسات بھی رکھے گئے ہیں۔
پہلی بار لٹل ایشیا ایونٹ میں شرکت کرنے والے پال مورٹینسن نے منیلا سوق میں منفرد زیوارت کا ایک سٹال لگایا ہوا ہے۔

ایک خاتون کا کہنا تھا کہ لٹل ایشیا زون بالکل میرے گھر کی یاد دلا رہا ہے۔ فوٹو عرب نیوز

منیلا میں رہنے والے پال مورٹینسن نے بتایا کہ ’10 برس قبل میں نے اور میری اہلیہ نے 'کرسٹل ورکس' کے نام سے ہاتھ سے تیار کئے گئے مختلف زیورات فروخت کرنے کا آغاز کیا تھا۔‘ 
انہوں نے بتایا کہ ’ہم یہاں خاص قسم کے پتھر نیلم ، روبی اور دیگر قیمتی پتھروں سے ڈیزائن کیے گئے منفرد زیورات، بریسلٹ اور دیگر قسم کی جیولری پیش کر رہے ہیں۔ 
ان کے مطابق ’جدہ میں اس تقریب میں شرکت کرتے ہوئے خوشی محسوس کر رہا ہوں یہاں بہت سے صارفین کی دلچسپی دیکھ رہا ہوں۔‘

لٹل ایشیا ایونٹ کے پروگراموں میں لائیو میوزک بھی شامل ہے۔ فوٹو عرب نیوز

لٹل ایشیا نمائش میں آنے والے لوگ یہاں خریداری کرن کے ساتھ ساتھ مشرقی ایشیائی ممالک کے رسم و رواج سے متعلق سٹالز میں بھی خصوصی دلچسپی لے رہے ہیں۔
لٹل ایشیا زون میں مشرقی ایشیائی ممالک کے منفرد پکوان اور ذائقوں کا اہتمام بھی ہے جن میں تازہ اور فرحت بخش جوسز کے علاوہ خاص طور پر جاپانی ذائقوں سے ہم آہنگ چکن، آکٹوپس، سکویڈ یا پنیر سے بنے مزے مزے کے کھانے شامل ہیں۔
اس کے علاوہ زون میں آنے والے ہانگ کانگ، ملائیشیا یا منیلا  کے مزیدار سٹریٹ فوڈ کا لطف بھی اٹھا سکتے ہیں۔

سیاح سعود رحمان کا کہنا تھا کہ فیملی کے ساتھ اچھا وقت گزارنے کے لیے یہ بہترین جگہ ہے فوٹو عرب نیوز

زون میں موجود ایک فلپائنی نرس نے بتایا کہ ’مجھے یہ سب دیکھ کر دلی سکون ملا ہے اور لٹل ایشیا زون بالکل میرے گھر کی یاد دلا رہا ہے، یہاں کا ماحول ، لوگوں کا جوش اور ذائقے مجھے اپنی ثقافت کی خوبصورتی کی یاد دلا رہے ہیں۔
ایک سیاح سعود رحمان نے بتایا کہ دنیا بھر کے تہوار اور ثقافتوں سے ہمیں بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملتا ہے، اس حوالے سے لٹل ایشیا زون میں آ کر بے حد خوشی ہو رہی ہے۔
’خاص طور پر ایشیائی کھانوں کا مزہ چکھنے اور دیگر قسم کی منفرد پرفارمنسز دیکھنے کے بعد میرا خیال ہے کہ جدہ میں اس قسم کا زون اپنے خاندان کے ساتھ بھرپوراور معیاری وقت گزارنے کے لیے بہترین ہے۔
 

شیئر: