دبئی میں نئے سال کی تقریبات، ٹیکسی ٹیرف میں اضافے کا اعلان
دبئی ٹیکسی کا کم ازکم کرایہ 20 درہم سے شروع ہوگا۔ (فوٹو: امارات الیوم)
متحدہ عرب امارات میں دبئی روڈ اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی ( اے آرٹی) نے کہا ہے کہ ’نئے سال پر دبئی اور دیگر مقامات پر جہاں آتشبازی کا مظاہرہ کیا جاتا ہے ٹیکسی کے کرائے میں اضافہ کیا جائے گا‘۔
’نئے سال پر ان مقامات پر دبئی ٹیکسی کا کم ازکم کرایہ 20 درہم سے شروع ہوگا‘۔
’ھلا‘ ایپ کے ذریعے ان مقامات پر جانے والی ٹیکسی کے نرخوں میں 100 فیصد اضافہ صرف ان دنوں ہو گا جب آتشبازی کے شوز ہو رہے ہوں گے۔
یہ اضافہ 31 دسمبر شام 6 بجے سے یکم جنوری 2024 صبح 6 بجے تک نافذ العمل رہے گا۔
اتھارٹی کا کہنا ہے ’ ھلا ٹیکسی سروس اور ریگولر میٹر ٹیکسی دونوں کے لیے نئے فلیگ ڈاون ٹیرف کا اطلاق کمرشل سینٹرز، ایکسپو سٹی اور گلوبل ویلج سمیت اہم تقریبات، نمائشوں اور بین الاقوامی کنونشنز کے دوران ہوگا‘۔
یاد رہے دبئی میں ٹیکسی کے ٹیرف کے نرخ مختلف ٹیکسی سروس، پک اپ پوائنٹ، سفر کے دورانیے اور سفر کے فاصلے پر منحصر ہیں۔
دبئی میں عام طور پر کم از کم ٹیکسی ٹیرف یا فلیگ ڈاون کی شرح 12 درہم ہے جس میں اضافی 1.97 درہم فی کلو میٹر ہیں۔