نیوم محفوظ قومی جنگل میں 132 نایاب جانوروں کو چھوڑا گیا
جمعرات 4 جنوری 2024 11:55
’چھوڑے گئے جانوروں میں مختلف قسم کے جنگلی ہرن اور جنگلی بکرے شامل ہیں‘ ( فوٹو: سبق)
قومی مرکز برائے وائلڈ لائف نے نیوم کے محفوظ قومی جنگل میں مختلف نایاب نسل کے 132 جانور چھوڑے ہیں۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق چھوڑے گئے جانوروں میں مختلف قسم کے جنگلی ہرن اور جنگلی بکرے شامل ہیں۔
قومی مرکز برائے وائلڈ لائف کے سربراہ ڈاکٹر محمد علی قربان نے کہا ہے کہ ’چھوڑے گئے جانور مختلف قومی محفوظ جنگلوں میں چھوڑے جانے والے نایاب جانوروں کا تسلسل ہیں‘۔
’مرکز کا مقصد نایاب جانوروں کو ان کے اصل ماحول میں دوبارہ پروان چڑھا کر فطری توازن پیدا کرنا ہے‘۔
’یہ گرین سعودی عرب انیشیٹو کا حصہ ہے جس کے تحت ماحولیاتی توازن پیدا کرنے کی کوشش کی جارہی ہے‘۔
واضح رہے کہ نیوم محفوظ قومی جنگل 25 ہزار مربع کلو میٹر کے رقبے پر محیط ہے جہاں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے ماحولیاتی توازن پیدا کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔