Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عدت میں نکاح کا کیس: عمران خان اور بشریٰ بی بی پر فردِ جرم عائد

اڈیالہ جیل میں ہونے والی سماعت کے دوران سینیئر سول جج قدرت اللہ نے فرد جرم پڑھ کر سنائی (فائل فوٹو: سکرین گریب)
پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان اور ان کی ااہلیہ بشریٰ بی بی پر عدت میں نکاح کے کیس میں فرد جرم عائد کر دی گئی ہے۔
منگل کو راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں ہونے والی سماعت کے دوران سینیئر سول جج قدرت اللہ نے فرد جرم پڑھ کر سنائی۔
اس دوران عمران خان کمرہ عدالت میں موجود تھے۔ عمران خان نے چارج شیٹ پر دستخط کیے لیکن انہوں نے صحت جرم سے انکار کیا ہے۔
فرد جرم سنائے ہوئے عدالت نے بشریٰ بی بی بی کی غیرموجودگی پر برہمی کا اظہار کیا جبکہ وکلاء صفائی نے ان کی حاضری سے استثناء کی درخواست کی جو عدالت نے خارج کر دی۔
جج نے استفسار کیا کہ ’عدالت نے بشری بی بی کو آج طلب کیا تھا، وہ کس کی اجازت سے کمرہ عدالت سے چلی گئیں؟‘
عدالت نے جیل انتظامیہ کو ہدایت کی کہ ’معلوم کریں بشریٰ بی بی جیل میں کب داخل ہوئیں اور کب باہر گئیں؟‘
جیل انتظامیہ نے عدالت کو بتایا کہ ’بشریٰ بی بی ساڑھے 11 بجے جیل میں آئیں اور پونے دو بجے واپس روانہ ہو گئیں۔‘

شیئر: