جورجینا نے رمضان المبارک کے بارے میں اپنے احساسات کا اظہار کیا ہے۔ فائل فوٹو انسٹاگرام
ارجنٹائن کی ماڈل جورجینا روڈریگز نے منگل کے روز ریاض میں سعودی پرفیوم لاویرن کی میزبانی میں منعقدہ ایک تقریب میں شرکت کی۔
عرب نیوز کے مطابق نیٹ فلکس سٹار جس کا اپنا ریئلٹی شو ’I Am Georgina‘ کے عنوان سے ہے انہوں نے برانڈ کے سنیپ چیٹ اکاؤنٹ پر خصوصی جھلک پیش کی۔
جورجینا روڈریگوز ان دنوں اہل خانہ کے ہمراہ سعودی عرب میں مقیم ہیں،وہ سفید لباس کے ساتھ سبز عبایا میں تھیں۔
انہوں نے اپنے بالوں کو اچھی طرح سے باندھ کر پونی ٹیل کا سٹائل دے رکھا تھا۔
تقریب کے دوران ارجنٹائنی ماڈل کویت کی معروف کارباری شخصیت فوز الفہد کے ساتھ بیٹھی ہوئی تھیں۔
معروف ماڈل مارچ 2023 میں اس برانڈ کے ساتھ شریک ہیں، انہوں نے اس نئے کلپ میں مملکت میں اپنے وقت کے بارے میں کھلے الفاظ میں بات کی ہے۔
سوشل میڈیا پر پوسٹ کی گئی اس منفرد ویڈیو میں انہوں نے کہا ’اس ملک میں بہت محفوظ محسوس کرتی ہوں اور واقعی اس کی خاندانی اقدار کی قدر کرتی ہوں۔‘
رواں سال مملکت کے صحرائی علاقے کا دورہ کرنے کے بارے میں ان کے تاثرات پوچھے جانے پر معروف ماڈل نے کہا کہ ’زمین پر اس اہم خطے میں قیام پر میں نے بہت خوشی محسوس کی۔ سعودی ریگستان میں جو طاقت اور جادو ہے وہ ناقابل یقین ہے۔‘
لاویرن برانڈ کی نئی خوشبو ’بلیو لاورن‘ کے کلپ میں جورجینا نے سعودی عرب میں رمضان المبارک کے بارے میں اپنے احساسات کا اظہار کیا ہے۔