’رمضان میں عمرے کی خواہش تھی جو پوری ہوگئی‘
شاہی مہمانوں نے عمرے کی ادائیگی پر خوشی کا اظہار کیا (فوٹو: ایس پی اے)
شاہی ضیافت میں مختلف ممالک سے آنے والے مہمانوں کے چوتھے گروپ نے عمرہ ادا کیا ہے۔
سعودی خبر رساں ادارے ایس پی اے کے مطابق مدینہ منورہ سے آمد پر وزارت اسلامی امورہ کے حکام نے مہمانوں کا خیرمقدم کیا اور تمام انتظامات کی تکمیل کو یقینی بنایا۔
شاہی مہمانوں نے عمرے کی ادائیگی پر خوشی کا اظہار کیا۔ اور فیاضانہ مہمان نوازی پر سعودی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔
ترکیہ سے آنے والے مہمان مجاہد اکیار نے بتایا کہ’ رمضان میں عمرے کی خواہش تھی جو پوری ہوگئی۔‘
پاکستان سے آئے ہوئے عماد وحید قاضی نے کہا’ رمضان میں عمرہ ادا کرنا حج کے برابر ہے۔ اللہ کا شکر ہے اس نے بابرکت مہینے میں انتہائی اطمینان اور سکون کے ساتھ عمرے کی ادائیگی کو آسان بنایا۔‘
دیگر مہمانوں کا کہنا تھا ’رمضان کے بابرکت مہینے میں عمرہ اور تراویح میں شرکت کے حوالے سے احساسات ناقابل بیان ہیں۔‘
خادم حرمین شریفین عمرہ وزیارت پروگرام کے چوتھے گروپ میں روس، بنگلہ دیش، تاجکستان، آسٹریلیا، سری لنکا، مالدیپ، انڈیا، کازاخستان، پاکستان، آزربائیجان، نیپال، ترکیہ، کوسوفو اور قرغیزستان سے تعلق رکھنے والے 250 مہمان شامل ہیں۔
واضح رہے کہ مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے افراد کو شاہی ضیافت میں عمرہ ادائیگی اور زیارت مسجد نبوی پروگرام کا آغاز شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے حکم پر کیا گیا ہے جبکہ وزارت دینی امور اس پروگرام کی نگرانی کررہی ہے۔