دبئی ایئرپورٹ پر مسافروں کے پاسپورٹس پر’رمضان فی دبئی‘ کی مہر
دبئی ایئرپورٹ پر مسافروں کے پاسپورٹس پر’رمضان فی دبئی‘ کی مہر
جمعرات 21 مارچ 2024 22:06
ایئرپورٹ اور بندرگاہ پر آنے والے تمام مسافروں کا خیرمقدم کیا جارہا ہے۔ (فوٹو وام)
متحدہ عرب امارات دبئی میں جنرل ڈائریکٹوریٹ آف ریذیڈنسی اینڈ فارنرز افیئرز نے رمضان المبارک میں دبئی آنے والے مسافروں اور وزیٹرز کے پاسپورٹس پر ’رمضان فی دبئی‘ کی مہر لگانا شروع کی ہے۔
امارات کی سرکاری خبررساں ایجنسی ’وام‘ کے مطابق دبئی ایئرپورٹ اور بندرگاہ پر آنے والے تمام مسافروں کا خیرمقدم کیا جارہا ہے۔
دبئی میں جنرل ڈائریکٹوریٹ آف ریذیڈنسی اینڈ فارنرز افیئرز کے ڈائریکٹر جنرل لیٹفیننٹ جنرل محمد احمد المری نے تصدیق کی کہ دبئی ریذیڈنسی نے ’دبئی میں رمضان‘ مہم کے تحت اپنی شرکت کو یقینی بنانے کے لیے دو اقدامات کیے ہیں۔
محمد احمد المری نے بتایا کہ کسی بھی راستے سے دبئی میں داخلے پرمسافروں کے پاسپورٹ پر مہر’رمضان فی دبئی میں‘ لگائی جارہی ہے۔ جسے ’برانڈ دبئی‘ نے ڈیزائن کیا ہے اور ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی کے تعاون سے سم کارڈ دیے جارہے ہیں۔
وزیٹرز کو کنیکٹ ہیپیلی کارڈ اور فوری ریسپانس کیو آر کوڈ دیا جائے گا (فوٹو وام)
انہوں نے کہا کہ وزیٹرز کو کنیکٹ ہیپیلی کارڈ اور ایک فوری ریسپانس کیو آر کوڈ دیا جائے گا جسے برانڈ دبئی کی طرف سے منعقدہ سرگرمیوں کی معلومات کے حصول کےلیے سمارٹ فون سے سکین کیا جا سکتا ہے۔ وزیٹرز رمضان کے دوران دبئی میں ہونے والے پروگرام سے وہ بھرپور فائدہ اٹھاسکیں گے اور شرکت کرسکیں گے۔
لیفٹیننٹ جنرل المری نے کہا کہ دبئی اس طرح کے اقدامات سے وزیٹرز کے دل جیتنے کی ہمیشہ سے کوشش کرتی ہے۔
واضح رہے رمضان دبئی مہم کا اعلان دبئی میڈیا کونسل (ڈی ایم سی) کے چیئرمین شیخ احمد بن محمد بن راشد المکتوم کی ہدایت پر کیا گیا ہے۔ اس میں دبئی میں 20 سے زیادہ اداروں کے تعاون سے رمضان تقریبات کو خوشیوں سے بھرپور بنانا ہے۔
دبئی کے رمضان پروگرام کی تفصیلات کے لیے لنک بھی جاری کیا گیا ہے۔