پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کے لیے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر جاری ’فیک بیانات‘ دردِ سر بن گئے ہیں۔
ایکس پر گذشتہ کچھ دنوں سے شاہد آفریدی سے منسوب بیانات وائرل ہیں جن میں وہ سیاسی جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی اور سابق وزیراعظم عمران خان اور اُن کے حامیوں پر تنقید کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔
شاہد آفریدی سے منسوب یہ بیانات وائرل ہونے کے بعد پی ٹی آئی کے حامی اںہیں سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں جس کے بعد ’بوم بوم آفریدی‘ کو خود وضاحت جاری کرنا پڑ گئی۔
مزید پڑھیں
-
شاہد آفریدی کا ’بڑا پن‘، انڈیا کے جھنڈے پر آٹوگرافNode ID: 751846
بوم بوم آفریدی سے منسوب ایک فرضی بیان جو ’ایکس‘ (ٹوئٹر) پر سب سے زیادہ وائرل ہوا ہے وہ یہ کہ ’9 مئی کے واقعات میں ملوث کرداروں کو نشان عبرت بنا دو، چاہے کپتان ہو یا پوری ٹیم۔‘
ایسے جعلی بیانات کے وائرل ہونے کے بعد شاہد آفریدی کے اپنے آفیشل اکاؤںٹ سے ٹویٹ میں وضاحت جاری کی گئی ہے۔
شاہ آفریدی نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ ’بار بار میرے نام سے جعلی پوسٹ، خبریں بنانے والوں سے التماس ہے کہ اپنی توانائیاں کسی مثبت کام میں لگائیں جو اگر کسی اور نہیں کم سے کم اُن کے اپنے لیے تو فائدہ مند ثابت ہو۔‘
انہوں نے مزید لکھا کہ ’مجھے اگر کوئی بات کرنی یا بیان دینے کی ضرورت ہوئی تو اُس کے لیے میڈیا اور میرا ’ایکس‘ (ٹوئٹر) ہینڈل موجود ہے۔‘
دوسری جانب پی ٹی آئی کے حامیوں کی جانب سے ’ایکس‘ پر شاہد آفریدی پر مسلسل تنقید کی جار ہی ہے۔
مقدس فاروق اعوان اپنی پوسٹ میں لکھتی ہیں کہ ’شاہد آفریدی بھی کوئی زیادہ عقل مند آدمی معلوم نہیں ہوتے۔‘
وقاص امجد نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ’شاہد آفریدی کو ہمیشہ سے خبروں کی زینت بننا تھا۔ اب بھی وہی ہے بات یہ ہی ہے اور کچھ نہیں۔‘