Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شاہ زیب رند کی سلمان خان سے ملاقات اور انڈیا پاکستان کے جھنڈے تھامنے پر چرچہ

پاکستان اور انڈیا کھیل کے میدانوں میں بہت کم مدمقابل ہوتے ہیں لیکن جب بھی کوئی انڈین اور پاکستانی سپورٹس ٹیم آمنے سامنے ہو تو ایک کڑا مقابلہ دیکھنے کو ملتا ہے جسے دنیا بھر میں پذیرائی بھی ملتی ہے۔
ایسا ہی ایک مقابلہ سنیچر کے روز دبئی میں ہونے والے کراٹے کامبیٹ 45 میں پیش آیا جب پاکستان کے شاہ زیب رند نے انڈیا کے رانا سنگ کو شکست دے کر جیت اپنے ملک کے نام کی۔
مقابلے کا آغاز پاکستان کے رضوان علی اور انڈیا کے پون گپتا کی فائٹ سے ہوا۔ یہ مقابلہ یک طرفہ رہا، اور رضوان علی نے جلد ہی گپتا کو ناک آؤٹ کر کے میچ پاکستان کے حق میں ختم کر دیا۔
اگلے مقابلے میں انڈیا نے اُس وقت میچ برابر کر دیا جب اس کے فائٹر ہمانشو کوشک نے پاکستان کے فیضان خان کو ہرا دیا۔
اس کے بعد فائنل میں شاہ زیب رند نے انڈیا کے کھلاڑی رانا سنگھ کو فیصلہ کن ضرب لگا کر پاکستان کو ایک کے مقابلے میں دو سے فتح دلائی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر جہاں پاکستان کی جیت کا جشن منایا گیا وہیں شاہ زیب کی کچھ ویڈیوز وائرل ہو چکی ہیں جن میں وہ انڈیا اور پاکستان کے جھنڈے تھامے نظر آئے۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ میچ کے اختتام پر پریزنٹر نے بھی شاہ زیب سے دونوں ملکوں کے جھنڈے ساتھ پکڑنے کی وجہ پوچھی جس پر شاہ زیب نے جواب دیا ’یہ فائٹ امن کے لیے تھی، ہم دشمن نہیں، ہم ساتھ ہیں، مل کر ہم کچھ بھی کر سکتے ہیں۔ یہ فائٹ پاکستان اور انڈیا کی دوستی کے لیے ہے۔‘
دوسری جانب بالی وڈ کے سپر سٹار سلمان خان بھی کراٹے میچ کے دوران ایرینا میں موجود تھے۔ شاہ زیب نے اپنی تقریر کے دوران سلمان خان کا شکریہ ادا کیا اور کہا ’میں بچپن سے سلمان خان کی فلمز دیکھتا آ رہا ہوں، وہ میرے سپر سٹار ہیں اور آپ کے سامنے فائٹ کرنا میرے لیے اعزاز کی بات ہے۔‘
انٹرنیٹ پر ایک اور ویڈیو بھی وائرل ہو رہی ہے جس میں دیکھا گیا کہ میچ کے اختتام پر شاہ زیب اور سلمان خان کی ملاقات ہوئی۔ ویڈیو میں سلمان خان شاہ زیب کی تعریف کر رہے ہیں اور ان سے کہتے ہیں ’ہر جگہ 20، 20 سیکنڈ میں ناک آؤٹ کر دیتے ہو یار‘۔
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 

A post shared by (@shahzaibrindofficial)

شاہ زیب کی ویڈیوز کو نہ صرف پاکستان بلکہ انڈین فینز کی جانب سے بھی کافی پسند کیا جا رہا ہے۔

شاہ زیب رند کون ہیں؟

26 سالہ شاہ زیب رند کا تعلق پاکستان کے شہر کوئٹہ سے ہے۔ شاہ زیب رند نے صرف آٹھ سال کی عمر میں مارشل آرٹ شروع کیا اور وہ اب تک 70 سے زائد فتوحات حاصل کر چکے ہیں۔
اس کے علاوہ وہ بیوٹیم میں سپورٹس سکالرشپ اور ’ون‘ فائٹنگ چیمپئن شپ کے ساتھ معاہدے کا حصہ بھی رہ چکے ہیں۔ وہ آٹھ سال پاکستانی ٹیم میں رہے اور چھ مرتبہ نیشنل چیمپیئن بھی رہ چکے ہیں۔
سپورٹس ویب سائٹ ’کھلاڑی‘ کے مطابق شاہ زیب کا کہنا ہے کہ انہیں بچپن سے ہی فائٹ کا شوق تھا  اور ان کے والدین ان کے غصے سے تنگ تھے جس کے باعث انہیں وشو کلب میں ٹریننگ کے لیے بھیجا گیا۔
شاہ زیب نے ایک انٹرویو میں بتایا کے ان کے بڑے بھائی نے فائٹنگ سے انہیں دور کرنے کے لئے جم میں ایک بڑے کلب چیمپئن سے لڑوا دیا تھا تا کہ ان کا فائٹنگ سے دل اٹھ جائے۔
انہوں نے بتایا ’بجائے اس کے کہ وہ دل برداشتہ ہوتے ان میں خود کو مزید بہتر بنانے کی جستجو نے جنم لیا اور انہوں نے ٹریننگ شروع کی۔‘
شاہ زیب نے مزید کہا ’میرے والد ایک سرکاری ملازم ہیں، میری والدہ گھریلو خاتون ہیں، اور میرا بڑا بھائی ایک طالب علم ہے، مجھے کیریئر کے آغاز میں کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ جب میں ٹورنامنٹس میں جاتا تھا تو اکثر میرے پاس اپنے اخراجات پورے کرنے کے لیے پیسے نہیں ہوتے تھے۔ کبھی کبھار میرے کوچ حفیظ طوفان میری مالی مدد کرتے تھے۔

شیئر: