Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان کی ترقی کے لیے اقدامات پر سعودی قیادت کے شکرگزار ہیں: وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ سعودی قیادت کی جانب سے پاکستان میں سرمایہ کاری کے فروغ اور ترقی و خوشحالی کے لیے اقدامات پر پوری قوم ان کی شکرگزار ہے۔
جمعے کو وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت سعودی عرب کی پاکستان میں سرمایہ کاری اور منصوبوں پر پیش رفت کے حوالے سے اعلی سطح کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔
وزیرِاعظم نے اجلاس کو اپنے حالیہ دورہ سعودی عرب کے حوالے سے تفصیلات سے آگاہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ سعودی قیادت نے پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لیے ہر قسم کی معاونت کی پیشکش کی، جو خوش آئند ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان پاکستان میں سرمایہ کاری کے فروغ اور اس کی ترقی و خوشحالی میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں۔
اجلاس کو سعودی عرب کی جانب سے کاروباری شخصیات کے اعلی سطح کے وفد کے آئندہ چند روز میں دورہء پاکستان کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ سعودی وفد کی بہترین مہمان نوازی کی جائے۔ ’اُمید ہے سعودی وفد کے ساتھ پاکستانی کاروباری شخصیات کی ملاقاتیں نتیجہ خیز ہوں گی۔‘
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں جو دہائیوں پر محیط ہیں۔ پاکستان خوش قسمت ہے جسے سعودی عرب جیسا خیر خواہ دوست میسر ہے۔
اجلاس کو سعودی عرب کے کاروباری وفد کی اسلام آباد آمد اور متوقع شعبوں میں سرمایہ کاری کے حوالے سے آگاہ کیا گیا۔

شیئر: