فیفا فٹسال خواتین کی عالمی درجہ بندی میں مملکت کی ٹیم51 ویں نمبر پر ہے۔ فائل فوٹو ایکس (ساف)
سعودی عربین فٹ بال فیڈریشن میں خواتین فٹ بال ڈیپارٹمنٹ کی سربراہ عالیہ الرشید نے بوسنیا ہرزیگووینا میں خواتین فٹسال ٹیم کے جاری تربیتی کیمپ میں شامل کھلاڑیوں کی تعریف کی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق سعودی عرب کی قومی فٹسال ٹیم نے تربیتی کیمپ میں جاری مشقوں کے دوران سرائیوو میں سربیا کے خلاف بیک ٹو بیک شاندار فتوحات حاصل کی ہیں۔
ابتدائی میچ میں البندری مبارک، سیبا توفیق اور البندری حواساوی کے گولوں کی بدولت 2-3 سے سبقت حاصل کی جب کہ دوسرے میچ میں 2-5 سے فتح سمیٹی جس میں سعودی ٹیم کی مایہ ناز کھلاڑی البندری مبارک نے پانچوں گول سکور کیے۔
فیفا فٹسال خواتین کی عالمی درجہ بندی میں مملکت کی قومی ٹیم اس وقت 51 ویں نمبر پر ہے جب کہ سربیا کی قومی ٹیم 43 ویں نمبر پر ہے۔
عالیہ الرشید نے کہا ہے ’ہماری جیت یہ ظاہر کرتی ہے کہ ٹیم میں شامل خواتین کس قدر جوش، محنت اور جذبہ رکھتی ہیں، سربیا جیسی مضبوط ٹیم کے خلاف جیتنا کھلاڑیوں کااعتماد بڑھاتا ہے۔
ہمارے کھلاڑیوں اور کوچنگ سٹاف کی محنت ناقابل یقین حد تک فائدہ مند ثابت ہوئی ہے اور اس پیشرفت کو نمایاں کرتا ہے جو ہماری خواتین کی فٹسال ٹیم نے ثابت کی ہے۔
خواتین فٹ بال ڈیپارٹمنٹ کی سربراہ نے مزید کہا ’ ہماری پلیئرز ہر میچ سے سیکھنے اور آگے بڑھنے کا جذبہ رکھتی ہیں۔‘
قومی ٹیم کو مضبوط بنانے کی جانب گامزن ہیں، ہمیں مزید آگے بڑھنا ہے،حالیہ فتوحات اس بات کا اشارہ ہیں کہ ہم صحیح راستے پر ہیں۔
سعودی عربین فٹ بال فیڈریشن کی حمایت اور پلیئرز کی لگن ہماری کامیابی کی کلید ہے، مزید کامیابیاں حاصل کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔
بوسنیا ہرزیگووینا میں 23 مئی لگایا جانے والا تربیتی کیمپ 15 جون تک جاری رہے گا اور سربیا کی قومی ٹیم کے خلاف کھیلے گئے دو میچز تربیتی کیمپ کا حصہ تھے۔
مملکت کی قومی خواتین فٹسال ٹیم کا یہ کیمپ کروشین ہیڈ کوچ ماتو سٹینکووچ کی نگرانی میں جاری ہے۔
کیمپ میں لیلیٰ علی، لین محمد، البندری مبارک، نورہ ابراہیم، عشا فہد، عبیر ناصر، رغاد مخیزین، ریہاف المنصوری، الہنوف سعود، مھرہ الملحی، ندین صالح، البندری حواساوی، رغاد صالح، لنا عبدالرزاق، بیان صداگاہ، صبا توفیق، یارا الفارس، رغاد منائی، منار العنیزی اور نورہ العثیل شامل ہیں۔