’انسانی ہمدردی‘، امارات سوڈان کے لیے 25 ملین ڈالر دے گا
سوڈان میں جنگ کے نتیجے میں 17.7 ملین افراد غذائی عدم تحفظ کا شکار ہیں۔(فوٹو: وام)
متحدہ عرب امارات نے سوڈان اور جنوبی سوڈان کے بحران سے متاثرہ برادر سوڈانی عوام کو ہنگامی خوراک کی امداد فراہم کرنے کے لیے اقوام متحدہ کے ورلڈ فوڈ پروگرام کے ساتھ ایک معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔
جن میں پناہ گزین، میزبان کمیونٹی، داخلی بے گھر افراد اور جنگ سے متاثرہ افراد کی واپسی شامل ہے۔
امارات کے خبر رساں ادارے وام کے مطابق معاہدے پر امارات کی جانب سے معاون وزیر خارجہ برائے بین الاقوامی ترقیاتی امور سلطان الشامسی اور ورلڈ فوڈ پروگرام کی جانب سے واشنگٹن آفس کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر میتھو نیمز نے دستخط کیے۔
معاون وزیر خارجہ برائے سیاسی امور لانا ذکی نسیہ، ڈپٹی سیکریٹری جنرل امینہ محمد اقوام متحدہ میں امارات کے مشن میں خصوصی تقریب میں موجود تھیں۔
سوڈان میں جنگ کے نتیجے میں 17.7 ملین اور جنوبی سوڈان میں 7.1 ملین افراد شدید غذائی عدم تحفظ کا شکار ہیں۔
اس بحران کو کم کرنے میں مدد کے لیے امارات نے مجموعی طور پر 25 ملین ڈالر کا عہد کیا ہے۔ اس میں سوڈان کے لیے 20 ملین اور جنوبی سوڈان کے لیے5 ملین ڈالر شامل ہیں۔
ورلڈ فوڈ پروگرام کی ایگزیکٹیو ڈائریکٹر سنڈی میک کین نے کہا کہ ’عالمی ادارہ سوڈان میں لائیو سیونگ فوڈ آپریشنز کے لیے تمام وعدوں کا خیر مقدم کرتا ہے۔ اس تعاون سے ہم قحط کے خطرے سے دوچار کمزور لوگوں کی مدد کرسکیں گے‘۔
یہ تعاون امارات کے 70 ملین درہم کے عزم کا حصہ ہے جس کا اعلان اس نے اپریل میں سوڈان اور پڑوسی ممالک کے لیے بین الاقوامی ہیومنٹرین کانفرنس میں شرکت کے دوران کیا تھا۔
لانا ذکی نسیہ نے کہا کہ’ سوڈان اور پڑوسی ممالک میں ورلڈ فوڈ پروگرام کے ساتھ ہماری شراکت ان کمزور گروہوں کی مدد کرے گی جو جنگ کے تباہ کن اثرات کا سامنا کررہے ہیں‘۔
انہوں نے کہا’ ہم سوڈان میں ایک اور قحط کی اجازت نہیں دے سکتے‘۔