حفاظت اولین ترجیح: ڈرائیورز آرٹیفیشل انٹیلی جنس سے مستفید ہوں گے
حفاظت اولین ترجیح: ڈرائیورز آرٹیفیشل انٹیلی جنس سے مستفید ہوں گے
منگل 9 جولائی 2024 20:51
نجم کے ساتھ تعاون محفوظ ڈرائیونگ اور سمارٹ روڈ کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ فوٹو عرب نیوز
سعودی عرب میں روڈ سیفٹی کو مزید بہتر بنانے کے اقدامات میں ڈرائیور حضرات جلد ہی آرٹیفیشل انٹیلی جنس کی جدید ٹیکنالوجی سے فائدہ حاصل کریں گے۔
عرب نیوز کے مطابق مملکت میں گاڑیوں کے لیے انشورنس سروسز کمپنی ’نجم‘ کی جانب سے پیر کو ریاض میں شروع کیے گئے نئے اقدام کے تحت گاڑیوں میں سمارٹ ڈیوائسز نصب کی جائیں گی۔
ٹیلی میٹکس ٹیکنالوجی سے جڑی سمارٹ ڈیوائس گاڑی کی رفتار، تیز رفتاری، بریک لگانے، ڈرائیور کے رویے اور ٹریفک کے ضوابط کی تعمیل کی نگرانی کرتے دوران سفر خطرے کی سطح کا جائزہ لے کر فیڈ بیک دے گی۔
اس کے علاوہ ڈرائیور حضرات ڈرائیونگ کی صلاحیت اور عادات کی بنیاد پر اپنی گاڑی کی انشورنس پر انعامات اور دیگر مراعات بھی حاصل کریں گے۔
نجم انشورنس کمپنی، امریکی کمپنی ’کیمبرج موبائل ٹیلی میٹکس‘ اور’ اے آئی جینکس‘ کے تعاون سے ڈرائیونگ کے رویے کی پیمائش کے لیے ایک جدید نظام فراہم کرے گا۔
اے آئی جینکس کے ترجمان اسد ارشاد نے بتایا ہے کہ اس سروس میں آرٹیفیشل انٹیلی جنس ٹیکنالوجی شامل ہوگی جو جمع کردہ ڈیٹا کی بنیاد پر ڈرائیور کے رویے کا مطالعہ کرتے ہوئے انہیں اپنی ڈرائیونگ کی عادات کو بہتر بنانے کے لیے مدد فراہم کرتی ہے۔
اسد ارشاد نے مزید بتایا ’یہ ٹیکنالوجی ڈرائیور کے گاڑی چلانے کے طریقہ سے ہی نہیں بلکہ کہاں کب اور کیسے گاڑی چلاتے ہیں، سڑک کے اور موسمی حالات کیا ہیں اور سڑک پر خطرات سے کیسے نمٹ سکتے ہیں۔
سعودی انشورنس کمپنی ’نجم‘ کے سی ای او محمد الشہری نے کہا کہ اس اقدام سے وژن 2030 کے اہداف کو پورا کرنے میں مدد ملے گی، سڑک حادثات اور شرح اموات کم ہوں گی اور سڑک پر خطرات سے تحفظ فراہم کیا جائے گا۔
نجم کی جانب سے روڈ سیفٹی کو فروغ دینے کے لیے سوشل میڈیا کے تعاون سے آگاہی پروگرام کا بھی آغاز ہو گا۔
محمد الشہری نے کہا ’ شراکت داری جس کا آغاز آج کی تقریب سے ہوا ہے اس کا خاص اور بنیادی مقصد یہ ہے کہ ہم مملکت میں روڈ سیفٹی کے بارے میں بیداری پیدا کرنا چاہتے ہیں جس کے لیے میڈیا کا ساتھ ضروری ہے۔
نجم کمپنی کیمبرج موبائل ٹیلی میٹکس اور اے آئی جینکس جیسے عالمی اداروں کے ساتھ اہم ٹیکنالوجی اور اسٹریٹجک شراکت داری کے ذریعے مملکت میں روڈ سیفٹی کے لیے نیا معیار قائم کر رہی ہے۔
یہ اقدام نہ صرف ڈرائیونگ کا معیار بہتر بنانے بلکہ ڈرائیونگ کے رویے اور انشورنس کے طریقوں میں بھی معیاری تبدیلی لائے گا جو سڑک استعمال کرنے والے تمام ڈرائیورز کی جان کی حفاظت میں اہم پیش رفت ثابت ہوگا۔
اس نظام کے قیام سے مملکت بھر میں ڈرائیونگ کا ایک محفوظ اور بہتر ماحول ممکن ہو سکے گا۔
امریکی کمپنی کیمبرج موبائل ٹیلی میٹکس کے شریک بانی اور سی ای او ولیم پاورز نے کہا کہ نجم کے ساتھ تعاون محفوظ اور سمارٹ روڈ کی جانب ایک اہم قدم ہے۔
ولیم پاورز نے بتایا کہ ہماری کمپنی نے گذشتہ چند برسوں سے دنیا بھر میں تیزی سے مقبولیت حاصل کی ہے اور اس پروگرام سے سڑکوں پر سفر کرنے والے لاکھوں لوگوں کی حفاظت میں مدد کرتے ہیں۔
اس اہم ٹیلی میٹکس اقدام پر نجم کے ساتھ شراکت داری اور مملکت میں سڑکوں کو مزید محفوظ بنانے میں بہت خوشی ہے۔
واضح رہے کہ نجم انشورنس کمپنی نے ٹیلی میٹکس کا نیا سسٹم اپنانے کے لیے پہلے ہی متعدد انشورنس کمپنیوں کے ساتھ شراکت داری کی ہے۔
نجم نے اپنے صارفین کو ایسے سنسر استعمال کرنے کی ترغیب دی ہے جو ڈرائیونگ کے رویے اور ٹریفک قوانین کی تعمیل کی پیمائش کرتے ہیں۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں