الوادی الکبیر میں فائرنگ کرنے والے تینوں بھائی تھے، عمانی پولیس
جمعرات 18 جولائی 2024 21:16
فائرنگ کا واقعے گزشتہ منگل کو مسقط کی وادی الکبیر میں پیش آیا تھا(فوٹو،ایکس اکاونٹ)
عمانی پولیس کا کہنا ہے کہ مسقط کمشنری کی الوادی الکبیر میں فائرنگ کرنے والے تینوں بھائی تھے جو گمراہ کن نظریات رکھنے والے گروہ سے تعلق رکھتے تھے۔
اخبار 24 کے مطابق عمانی پولیس کی جانب سے فائرنگ کے واقعے کے حوالے سے جاری فالو اپ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ فائرنگ کرنے والے تینوں پولیس کی جانب سے جوابی فائرنگ میں ہلاک ہوگئے تھے۔
واضح رہے گزشتہ منگل کو عمان کے دارالحکومت مسقط کے علاقے وادی الکبیر میں مسجد کے قریب ہونے والی فائرنگ سے 9 افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوگئے تھے۔
تینوں حملہ آوروں نے پولیس کی جانب سے ہتھیار ڈالنے اور خود کو حوالے کیے جانے کی پیشکش کو رد کرتے ہوئے مقابلہ کیا جس کے نتیجے میں تینوں عمانی پولیس کی کراس فائرنگ کے نتیجے میں ہلاک ہوگئے تھے۔