Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’ٹرمپ جیسوں کو اچھی طرح جانتی ہوں‘، کملا ہیرس نے الیکشن مہم کا آغاز کر دیا

کملا ہیرس نے اسقاط حمل کے سیاسی طور پر دھماکہ خیز مسئلے پر توجہ مرکوز کرنے کا بھی وعدہ کیا۔ فوٹو: اے ایف پی
امریکہ کی نائب صدر کملا ہیرس نے اپنی انتخابی مہم کے آغاز پر ہی ڈونلڈ ٹرمپ پر ذاتی حملے کیے ہیں اور کہا ہے کہ وہ نومبر میں ہونے والے صدارتی الیکشن میں کامیابی حاصل کریں گی۔
خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق پیر کو ولیمنگٹن، ڈیلاویئر میں واقع ہیڈکوارٹر میں اپنے حامیوں سے خطاب میں کملا ہیرس نے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بارے میں بات کرتے ہوئے نہایت سخت الفاظ استعمال کیے۔
صدر جو بائیڈن کے صدارتی امیدوار بننے کی دوڑ سے باہر ہونے کے بعد نامزدگی حاصل کرنے والی کملا ہیرس نے الیکشن میں ڈیموکریٹس کی جیت کے لیے اپنے عزم کا اظہار کیا۔
کملا ہیرس کی بطور ڈیموکریٹک پارٹی امیدوار کی نامزدگی کو سابق سپیکر نینسی پلوسی سمیت بہت سارے ہیوی ویئٹس نے آگے بڑھایا اور بڑے پیمانے پر ووٹروں نے مہم کے لیے عطیات سے اُن کی حمایت کی۔
اتوار کو جو بائیڈن کے صدارتی امیدوار کی نامزدگی سے دستبرداری کے اعلان کے بعد انتخابی کارکنوں سے اپنی پہلی تقریر میں کملا ہیرس نے ٹرمپ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ ماضی میں ’ہر قسم کے مجرموں کا مقابلہ کر چکی ہیں۔‘
خیال رہے کہ امریکہ کی نائب صدر بننے سے قبل کملا ہیرس کیلیفورنیا ریاست کی چیف پراسیکیوٹر کے طور پر کام کر چکی ہیں۔
انہوں نے اپنے اُسی کردار کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ خواتین کے ساتھ زیادتی کرنے والے، دھوکے باز جنہوں نے صارفین کو لوٹا، وہ دھوکے باز جنہوں نے اپنے فائدے کے لیے قوانین کو توڑا، تو سنیں، جب میں کہوں کہ میں ڈونلڈ ٹرمپ جیسوں کو جانتی ہوں۔‘
کملا ہیرس نے مسکراتے ہوئے اپنے حامیوں سے کہا کہ ’ہم نومبر میں جیتنے جا رہے ہیں۔‘ اُن کا کہنا تھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ وہ پہلے امریکی صدر ہیں جن کو عدالت سے سزا ہوئی۔

صدر جو بائیڈن نے اتوار کو اپنی مہم سے دستبردار ہونے کا اعلان کیا تھا۔ فائل فوٹو: اے ایف پی

کملا ہیرس نے اسقاط حمل کے سیاسی طور پر دھماکہ خیز مسئلے پر توجہ مرکوز کرنے کا بھی وعدہ کیا۔
خیال رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی سپریم کورٹ کے دو برس قبل اُس فیصلے کی حمایت کی تھی جس میں اسقاط حمل پر پابندی لگائی گئی تھی۔ 

شیئر: