Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کئی دہائیوں تک سزا سے بچنے والے میکسکو کے منشیات سمگلر بالآخر امریکہ میں گرفتار

زمبادا پر منشیات کی سمگلنگ کا الزام ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
میکسیکو سے تعلق رکھنے والے طاقتور سینالووا کارٹیل کے شریک بانی اسماعیل ’مایو‘ زمبادا کو دہائیوں بعد امریکہ میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ٹیکساس کے علاقے ایل پاسو میں غیرمتوقع گرفتاری سے قبل 76 برس کے اسماعیل ’مایو‘ زمبادا نے کبھی جیل کی ہوا نہیں کھائی تھی۔
لوگوں کی نظروں سے اوجھل طاقتور ڈرگ مافیا کے سرغنہ امریکی ڈرگ انفورسمنٹ ایڈمنسٹریشن کے سرفہرست اہداف میں سے ایک تھے۔
اسماعیل مایو زمبادا کے ساتھ سینولووا کارٹل کے بانی واکین ’ایل چاپو‘ گزمین کے بیٹے واکین گزمین لوپیز کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔
امریکہ نے زمبادا سے متعلق معلومات فراہم کرنے کے لیے 15 ملین ڈالر کی انعامی رقم کا اعلان کیا تھا۔
ان پر کوکین، ہیروئن، میتھم فیٹامائنز اور فینٹینیل کی سمگلنگ کا الزام ہے۔
زمبادا کے برعکس ایل چاپو کو امریکہ کے حوالے کرنے سے پہلے تین مرتبہ گرفتار کیا گیا تھا۔
زمبادا ریاست سینالووا کے دارالحکومت کولیکان میں پیدا ہوئے تھے۔ سینالووا کارٹیل کے ایک گروپ کے طویل عرصے تک رہنما رہے۔
2021 میں امریکی محکمہ خارجہ نے کہا تھا کہ ’وہ اس لحاظ سے منفرد ہیں کہ انہوں نے اپنی جوانی کی زندگی منشیات کے انٹرنیشنل سمگلر کے طور پر گزاری ہے اور کبھی بھی جیل میں ایک دن نہیں گزارا۔‘

سینولووا کارٹیل کے بانی واکین ’ایل چاپو‘ گزمین کو 2016 میں گرفتار کیا گیا تھا (فوٹو: اے ایف پی)

زمبادا جو ایک زمیندار تھے، نے 90 کی دہائی میں واریز کارٹیل کے ساتھ کام شروع کیا تھا۔
انسائٹ کرائم تھنک ٹینک کے مطابق واریز کارٹیل کے سربراہ کی موت کے بعد انہوں نے اپنی تنظیم بنانے کا فیصلہ کیا۔
حالیہ برسوں میں زمبادا اپنے بھائی، دو بیٹوں اور ایک بھتیجے کی گرفتاریوں کی وجہ سے کمزور پڑ گئے تھے۔
ان میں سے دو نیویارک میں ایل چاپو کے مقدمے میں بطور گواہ بھی پیش ہوئے۔ ایل چاپو کے وکلا نے دلیل دی کہ کارٹیل کا اصل لیڈر زمبادا تھا۔
اٹارنی جیفری لچمین نے الزام لگایا کہ زمبادا نے میکسیکو کے سابق صدر اینریک پینا نیئیتو کو 100 ملین ڈالر رشوت دی تھی۔

حالیہ برسوں میں زمبادا اپنے بھائی، دو بیٹوں اور ایک بھتیجے کی گرفتاریوں کی وجہ سے کمزور پڑ گئے تھے۔ (فوٹو: روئٹرز)

2017 میں سینالووا کارٹیل پر ایک مبینہ حملے میں زمبادا بال بال بچ گئے تھے۔
2010 میں منشیات کے پرانے سرغنہ میکسیکن میگزین پروسیسو نے ایک مختصر انٹرویو میں انکشاف کیا تھا کہ انہوں نے 16 برس کی عمر میں جرائم کرنا شروع کر دیے تھے۔
زمبادا نے کہا تھا کہ کئی دفعہ میکسیکو کی فوج ان کے قریب پہنچ گئی تھی تاہم وہ بچ نکلنے میں کامیاب ہوئے۔

شیئر: