وزیراعظم شہباز شریف کی غزہ میں سکول پر اسرائیلی حملے کی شدید مذمت
شہباز شریف نے کہا کہ اسرائیل کو اس کی ظالمانہ کارروائیوں کی کڑی سزا دی جائے۔ (فائل فوٹو: روئٹرز)
وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے غزہ کے ایک سکول پر اسرائیلی حملے کی شدید مذمت کی ہے۔
پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے سنیچر کو جاری ہونے والے بیان کے مطابق ’وزیراعظم نے حملے میں شہید ہونے والوں کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی اور ان کے خاندانوں سے اظہار تعزیت کیا۔‘
فلسطین کے حکام صحت کے مطابق سنیچر کی علی الصبح اسرائیل کے شہر غزہ میں ایک سکول پر فضائی حملے میں کم از کم 80 افراد ہلاک ہو گئے۔ اس سکول میں بے گھر ہوئے فلسطینیوں نے پناہ لی ہوئی تھی۔
امریکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق سکول پر حملہ غزہ میں 10 ماہ سے جاری جنگ میں اسرائیل کے مہلک ترین حملوں میں سے ایک تھا۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ’اسرائیل نے اپنی سفاکانہ کارروائیوں کی تمام حدیں پار کر دیں۔ سکول کے بچوں پر حملہ کھلی جارحیت ہے، اس طرح کی بربریت کی مثال تاریخ میں نہیں ملتی۔‘
انہوں نے کہا کہ عالمی برادری بشمول اقوام متحدہ اسرائیل کی سفاکیت کو روکنے کے لیے عملی اقدامات کرے۔
’ہم ایک بار پھر اپنا مطالبہ دہراتے ہیں کہ فلسطینیوں کی نسل کشی اور جنگی جرائم پر اسرائیلی قیادت اور سکیورٹی فورسز کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے۔‘
شہباز شریف نے کہا کہ اسرائیل کو اس کی ظالمانہ کارروائیوں کی کڑی سزا دی جائے اور اس کے خلاف عالمی عدالت انصاف کے فیصلے پر عمل درآمد کروایا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان ہر محاذ پر اپنے فلسطینی بہنوں اور بھائیوں کی اخلاقی و سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔