شام میں امریکی ایئر بیس پر حملہ، ’ابتدائی معلومات کے مطابق نقصان نہیں ہوا‘
المیادین چینل کے مطابق حملے کے بعد امریکی جنگی طیارے مسلسل اُڑتے دکھائی دے رہے ہیں۔ فائل فوٹو: روئٹرز
امریکی حکام نے کہا ہے کہ شام میں امریکی ایئربیس پر داغے جانے والے شیل نقصان نہیں پہنچا سکے۔
خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق شام کے دائر ایزور صوبے میں گیس فیلڈ میں قائم امریکی ایئربیس پر شیل داغے گئے تھے۔
قبل ازیں ایک سکیورٹی ذریعے نے روئٹرز کو بتایا تھا کہ شام میں ایرانی حمایت یافتہ ملیشیا نے امریکی ایئربیس پر چھ شیل فائر کیے، اور یہ تمام ایئربیس کی حدود میں گرے۔
یہ بھی بتایا گیا کہ امریکی فوج نے جوابی کارروائی میں توپ خانے کا استعمال کیا۔
روئٹرز کو دو امریکی عہدیداروں نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر تفصیلات سے آگاہ کیا۔
انہوں نے بتایا کہ ایئربیس کے اندر گرنے والے شیل سے کوئی نقصان ہوا اور نہ ہی کوئی اہلکار زخمی ہوا۔
عہدیدار نے کہا کہ یہ ابتدائی معلومات ہیں جن میں بعد میں تبدیلی ہو سکتی ہے۔
لبنان کے ایران حامی ٹیلی ویژن چینل المیادین کے مطابق حملے کے بعد صوبے کے آسمان پر امریکی جنگی طیارے مسلسل اُڑتے دکھائی دے رہے ہیں۔
گیس کمپنی کونوکوفلپس نے کہا ہے کہ وہ امریکہ اور اتحادیوں کی مشرقی شام میں کونوکو کے نام سے ایئربیس پر حملے سے آگاہ ہے لیکن وہ اپنے اثاثے شام سے سنہ 2000 کے اوائل میں ہی ہٹا چکی ہے۔
منگل کو پینٹاگون نے کہا کہ گزشتہ ہفتے شام میں اُس کے ایئربیس پر حملے میں آٹھ اہلکار زخمی ہوئے تھے۔