سعودی عرب میں یوگا خدمات پر نوف المروعی کے لیے خصوصی ایوارڈ
سعودی عرب میں یوگا خدمات پر نوف المروعی کے لیے خصوصی ایوارڈ
منگل 17 ستمبر 2024 19:04
نوف المروعی سعودی عرب کی پہلی تصدیق شدہ یوگا انسٹرکٹر ہیں۔ فوٹو عرب نیوز
سعودی عرب میں یوگا کمیٹی کی صدر نوف المروعی کو انڈیا کے نائب صدر جگدیپ دھنکھر نے مملکت میں یوگا کے لیے ان کی خدمات کے اعتراف میں اعزازی شیلڈ پیش کی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق نئی دہلی میں’News18 She Shakti’ کے زیرعنوان حال ہی میں منعقد ہونے والی دوسری کانفرنس میں سعودی یوگا انسٹرکٹر کو یہ اعزاز دیا گیا ہے۔
اس تقریب کا مقصد سیاست، فن، سماجی کام اور دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والی اہم خواتین کو ایک چھت تلے اکٹھا کرکے ان کی شراکت اور قائدانہ صلاحیت کو اجاگر کرنا ہے۔
تقریب میں ’بریکنگ بیریئرز‘ کے عنوان کے تحت سیاست، سائنس، فنون، کاروبار، کھیل اور تفریح کے شعبوں سے تعلق رکھنے والی نامور خواتین کی قابل فخر صلاحیتوں کا اعتراف کیا گیا۔
نوف المروعی سعودی عرب کی پہلی تصدیق شدہ یوگا انسٹرکٹر ہیں جنہوں نے 2018 میں انڈیا کا چوتھا سب سے بڑا قومی ایوارڈ پدم شری حاصل کیا۔
اس موقع پر نوف المروعی نے بتایا ’سعودی عرب میں یوگا کو فروغ دینے کی کوششوں کے اعتراف میں اس اعزاز پر شکرگزار ہوں اور فخر محسوس کرتی ہوں۔
المروعی نے بتایا ’یوگا کے لیے دلچسپی اس وقت شروع ہوئی جب میری زندگی صحت کے شدید مسائل میں الجھی ہوئی تھی۔
سعودی یوگا انسٹرکٹر نے بتایا ’18 سال کی عمر میں مجھے صحت کے شدید چیلنجوں کا سامنا تھا اور ڈاکٹروں نے والدین کو بتایا میرے زندہ رہنے کے امکانات بہت معدوم ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا ’میں نے 1998 میں یوگا کی مشقوں کا آغاز کیا جب میرے والد نے ان مشقوں سے متعلق ایک کتاب مجھے تحفے میں دی۔ یوگا کی مشقیں آسان نہیں تھیں تاہم انہیں جاری رکھا اور ہمت نہیں ہاری۔
یوگا کی مزید مشقوں کو جاننے اور مستقل مشقیں کرنے کے طریقے اپنانے کے لیے انٹرنیٹ کا سہارا لیا۔
نوف المروعی نے یوگا کو فروغ دینے اور نوجوانوں کو زندگی میں نظم و ضبط پر عمل کرنے کی ترغیب دینے میں سعودی حکومت کی کوششوں اور تعاون پر شکریہ ادا کیا۔
سعودی عرب کی مزید خبروں کے لیے واٹس ایپ گروپ جوائن کریں