Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

رشتہ ایپس روایتی ’رشتے والی آنٹیوں‘ کو کیسے ٹف ٹائم دے رہی ہیں؟

گیلپ کے مطابق پاکستان میں 80 فیصد سے زائد شادیاں ارینج ہوتی ہیں (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان میں روایتی طریقے سے رشتے کروانے والی خواتین کا نئے جوڑے بنانے میں اہم کردار ہے لیکن اب آن لائن پلیٹ فارمز بھی ایسی سروسز فراہم کر رہے ہیں۔
کچھ عرصے میں مارکیٹ میں ایسی ایپس بھی متعارف کروائی گئی ہیں جو غیرشادی شدہ خواتین و حضرات کو اپنا جیون ساتھی تلاش کرنے کا موقع فراہم کرتی ہیں۔
لاہور سے تعلق رکھنے والی ٹیسکٹائل ڈیزائنر ازہ نواز نے فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا ہے کہ ’جب میں نے اپنی ایک دوست کو دیکھا کہ انہوں نے اپنا جیون ساتھی آن لائن چُنا ہے اور وہ شادی کے بعد بڑی خوش و خرم زندگی گزار رہی ہیں، تو میں نے بھی سوچا کہ رشتے والی آنٹیوں پر انحصار کی بجائے ایک مرتبہ انہیں بھی آزما کر دیکھتے ہیں۔‘
پاکستان میں عمومی طور پر ڈیٹنگ کو غیراخلاقی اور نامناسب عمل تصور کیا جاتا ہے، ایسے معاشے میں رشتے کروانے والی خواتین لڑکیوں کی خصوصیات کو بڑھا چڑھا کر ان کے رشتےاچھے خاندانوں میں طے کروانے کی کوشش کرتی ہیں۔
گزشتہ کچھ برسوں سے پاکستان میں شادیوں کے لیے کئی ایسی ایپس متعارف کروائی گئیں جنہیں ’لو میچ‘ کا نام دیا جاتا ہے۔
کچھ ایپس تو ایسی آپشنز بھی فراہم کرتی ہیں جن میں جوڑوں کے درمیان ہفتہ وار پیغامات کا تبادلہ ہوتا ہے تاکہ ان جوڑوں کے خاندان کے افراد یا پھر ان کے رشتے دار اجنبی لوگوں سے بات چیت کرنے کے حوالے سے مطمئن رہیں۔
ازا کے مطابق یہ ان کی بڑی کامیابی تھی کہ ایسی ہی ایک ایپ کے ذریعے اختر کے ساتھ ملنے کے بعد ان کی صرف تین ماہ بعد شادی ہو گئی۔
گیلپ کے ایک سروے کے مطابق پاکستان میں 80 فیصد سے زائد شادیاں خاندان کی جانب سے طے پاتی ہیں۔ کچھ مواقعوں پر تو شادی کرنے والے دلہن اور دلہے کی مرضی جانے بغیر ہی ان کے خاندانوں کی جانب سے رشتہ طے کر لیا جاتا ہے۔
اس طرح کے رشتے جوڑنے کے لیے عموماً رشتے والی آنٹیوں کی خدمات حاصل کی جاتی ہیں۔
تاہم کچھ عرصے سے یہ تبدیلی سامنے آئی ہے کہ بڑی تعداد میں لوگ اب آن لائن رشتہ ایپس میں دلچسپی لے رہے ہیں۔
اے ایف پی کو ایسی ہی ایک ایپ کی جانب سے بتایا گیا کہ گزشتہ برس اس کی لانچ ہونے کے بعد 12 لاکھ سے زائد افراد نے خود کو ایپ میں رجسٹر کروایا جبکہ 15 ہزار سے زائد افراد کی شادیاں بھی ہو چکی ہیں۔

شیئر: