Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’انکل نہ کرو پلیز‘، توبہ توبہ کی پیروڈی پر اصل گلوکار کا چاہت فتح علی کو مشورہ

گلوکار کرن اوجلا نے ’توبہ توبہ‘ پر اداکار وِکی کوشل کے ساتھ خود بھی پرفارم کیا ہے (فائل فوٹو: سکرین گریب)
سوشل میڈیا پر مقبول گانوں کی مزاحیہ پیروڈی کر کے شہرت حاصل کرنے والے پاکستانی گلوکار چاہت فتح علی خان ایک بار پھر خبروں میں ہیں۔
اس بار اُن کی ‘شہرت‘ سرحد پار انڈیا تک پہنچ گئی ہے اور اِس کی وجہ بنی ہے انڈین کامیڈی فلم ’بیڈ نیوز‘ کا مشہور گانا ’توبہ توبہ‘ جو کترینہ کیف کے شوہر اداکار وِکی کوشل پر فلمایا گیا ہے۔
ہندوستان ٹائمز کے مطابق رواں سال کے مقبول ترین گانوں میں شمار ہونے والا یہ گانا گلوکار کرن اوجلا نے گایا ہے اور کمپوزیشن بھی اُن ہی کی ہے۔ اس گانے پر وِکی کوشل کے ساتھ انہوں نے خود بھی پرفارم کیا ہے۔
چاہت فتح علی خان نے اپنے مخصوص انداز میں یہ گانا گایا اور پھر اس کا کلپ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’انسٹاگرام‘ پر شیئر کردیا۔
چاہت فتح علی خان نے کرن اوجلا کو متاثر نہیں کیا
پس منظر میں تاج محل کی تصویر اور ہاتھ میں گِٹار تھام کر اور گانے کی شاعری تبدیل کر کے ’توبہ توبہ‘ گانے والے چاہت فتح علی خان اس گانے کے اصل گلوکار کرن اوجلا کو متاثر نہ کرسکے۔
چاہت فتح علی خان کی ویڈیو پر تبصرہ کرتے ہوئے کرن اوجلا نے لکھا کہ ’انکل نہ کرو پلیز‘، اور اِس کے ساتھ ہی اُنہوں نے ایک چیخنے چلانے والی ایموجی بھی شیئر کردی۔
انسٹاگرام پر ایک صارف نے لکھا کہ ’توبہ توبہ، آپ نے میرا مُوڈ خراب کردیا ہے۔‘ انہوں نے مزید لکھا کہ ’آپ نے یہ گانا تباہ کردیا ہے۔‘
دوسری جانب بالی وڈ کے معروف ڈائریکٹر کرن جوہر نے لال دِل والی ایموجی کے ساتھ انسٹاگرام پر چاہت فتح علی خان کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’ضرور دیکھیں۔‘
واضح رہے کہ چاہت فتح علی خان اس سے قبل بھی کئی مشہور گانوں کی پیروڈی کر چکے ہیں اور سوشل میڈیا صارفین ان پر مختلف انداز میں تبصرے کرتے اور محظوظ ہوتے ہیں۔ 

شیئر: