Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شاہی عمرہ مہمانوں کے پہلے قافلے کا آمد مکمل

شاہی مہمانوں کا پہلا قافلہ 250 افراد پر مشتمل ہے (فوٹو، ایس پی اے)
خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کی میزبانی میں دنیا بھر سے عمرہ زائرین کی آمد کا سلسلہ گزشتہ روز شروع ہوا۔ بدھ کو عمرہ زائرین کے پہلے قافلے کے کچھ ارکان مدینہ منورہ پہنچے جبکہ جمعرات کو باقی ارکان بھی مدینہ منورہ پہنچ گئے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق شاہی ضیافت میں آنے والے عمرہ زائرین کے پہلا قافلہ  250 مہمانوں پر مشتمل ہے جن کی تعداد 12 ممالک سے ہے۔
خادم حرمین شریفین عمرہ پروگرام کے تحت آنے والے شاہی مہمانوں کا استقبال وزارت اسلامی امور کے اعلی عہدیداروں نے کیا۔
شاہی مہمانوں کو ہوائی اڈے سے مخصوص اور آرام دہ بسوں کے ذریعے انکی اقامت گاہوں تک لایا گیا بعدازاں کچھ دیر آرام کرنے کے بعد مہمان مسجد نبوی گئے جہاں انہوں نے روضہ شریف کی زیارت کی اورسلام عرض کیا۔
مختلف ممالک سے آنے والے شاہی مہمانوں کو مدینہ منورہ میں قیام کے دوران مختلف تاریخی اور اہم مقامات پر لے جایا جائے گا۔ شاہی مہمانوں کے لیے معلوماتی لیکچرز کا بھی انتظام وزارت اسلامی امور کی جانب سے کیا گیاہے۔

خادم حرمین شریفین عمرہ پروگرام کے تحت ہر برس مختلف ممالک سے مہمانوں کو مدعو کیا جاتا ہے(فوٹو، ایس پی اے)

مدینہ منورہ میں قائم شاہ فہد قرآن کریم پرینٹنگ پریس کا بھی دورہ مہمانوں کو کرایا جائے گا جبکہ شہر مقدس میں موجود اسلامی تاریخی مقامات کی زیارت بھی وزارت اسلامی امور کی ٹیمیں کرائیں گی۔
واضح رہے خادم حرمین شریفین عمرہ پروگرام کے تحت ہر برس مختلف ممالک سے سیکڑوں افراد کو عمرہ اور حج کی ادائیگی کے لیے شاہی مہمان کے طورپر مدعو کیا جاتا ہے جن کے تمام اخراجات ایوان شاہی سے ادا کیے جاتے ہیں۔

شیئر: