صنعا .... یمن میں ایران نواز حوثی ملیشیا نے اقوام متحدہ کے دو امدادی کارکنان کو اغوا کرلیا ہے۔ دوسری جانب یمن کی آئینی حکومت نے باغیوں کی جانب سے عالمی ادارے کے کارکنان کے اغوا کی شدید مذمت کرتے ہوئے کارروائی کو امدادی آپریشن میں رکاوٹ ڈالنے کے مترادف قرار دیا ہے۔عرب ٹی وی کے مطابق یمنی حکومت کے وزیر برائے لوکل گورنمنٹ اور سپریم ریلیف کمیٹی کے چیئرمین عبدالرقیب فتح نے ایک بیان میں کہا کہ حوثی باغیوں نے اقوام متحدہ کے دو کارکنان کو یرغمال بنا کر امدادی کارروائیوں میں رکاوٹ پیدا کرنے کی کوشش کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حوثیوں کی طرف سے عالمی اداروں کے امدادی کارکنان کو یرغمال بنانے اور اس کے نتیجے میں امدادی آپریشن کے متاثر ہونے کی ذمہ داری باغیوں پر عاید ہوتی ہے۔یمن میں اقوام متحدہ کے مندوب برائے انسانی حقوق مارک لوکوک نے ایک بیان میں کہا کہ ادارے کے2 کارکنان کو یرغمال بنالیا گیا ہے۔ انہوں نے امدادی کارکنوں کی گرفتاری کا الزام ایران اور اس کے پروردہ حوثیوں پر عاید کیا اور کہا کہ یمنی باغی امدادی آپریشن میں رکاوٹ پیدا کرنے کی کوششیں کررہے ہیں۔ امدادی کارکنوں کا اغواءاس کی زندہ مثال ہے۔