Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستانی حجاج کی پہلی پرواز کل روانہ ہو گی ، ساجد یوسفانی

مکہ مکرمہ سے حجاج کو مرحلہ وار مدینہ منورہ لےجانے کا آغاز کر دیا ، دوران حج 5 پاکستانی حجاج کا انتقال ہوا، ڈائریکٹر جنرل حج کی اردونیوز سے گفتگو
جدہ ( ارسلان ہاشمی ) ڈائریکٹر جنرل حج ڈاکٹر ساجد یوسفانی نے کہا ہے کہ حج آپریشن کامیابی سے مکمل ہوگیا ۔ تمام انتظامات بہترین رہے ۔ پاکستانی حجاج کی واپسی کل 27 اگست سے شروع ہو رہی ہے ۔ اردونیوز سے گفتگوکرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل حج نے مزید کہا کہ جدہ حج ٹرمنل سے پہلی حج پرواز 265 حجاج کو لیکر اسلام آباد روانہ ہو گی ۔ بعدازحج آپریشن کا اختتام 25ستمبر کو ہوگا ۔ یومیہ 8 سے 12پروازیں پاکستان جائیں گی ۔ مکہ مکرمہ میں مقیم پاکستانی حجاج کو انکے گروپس شیڈول کے مطابق کل سے مدینہ منورہ روانہ کیاجائے گا ۔ وہ حجاج جو حج سے قبل زیارت مسجد نبوی کےلئے مدینہ منورہ نہیں گئے تھے انہیں پروگرام کے مطابق مدینہ منورہ روانہ کرنے کے تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں ۔ وہ حجاج کرام جو جدہ حج ٹرمنل پر آئے تھے انکی واپسی مدینہ منورہ سے ہو گی جبکہ براہ راست مدینہ منورہ آنے والے حجاج کی واپسی جدہ حج ٹرمنل سے ہوگی ۔ مدینہ منورہ سے پاکستان جانے والے حجاج کی تعداد 36 ہزار کے قریب ہوگی ۔ ڈی جی حج کا مزید کہنا تھا کہ حج مشن کے عملے نے مدینہ منورہ میں حجاج کے استقبال کےلئے تمام تیاریاں مکمل کر لی ہیں ۔ اضافی عملہ اور خدام الحجاج کے علاوہ میڈیکل مشن کے اہلکار وں نے بھی ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں ۔ ایام حج میں انتظامات کے حوالے سے ڈائریکٹر جنرل حج کا کہنا تھا کہ سعودی حکومت کی جانب سے تمام انتظامات مثالی تھے جسے ہر سطح پر سراہا گیا ۔ حجاج انتہائی مطمئن ہیں جنہوں نے مکمل آرام اور یکسوئی سے فریضہ حج ادا کیا کسی قسم کی دشواری کاسامنا نہیں کرنا پڑا ۔ ایام حج میں 5 پاکستانی حجاج کا انتقال مشاعر مقدسہ میں ہوا جنہیں انکے لواحقین کی اجازت سے سپرد خاک کر دیا گیا ۔ امسال حج سیزن میں اب تک 43 پاکستانی حجاج دوران قیام مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ انتقال کر گئے جنہیں مکہ اور مدینہ منورہ کے قبرستانوں میں انکے لواحقین کی اجازت سے سپرد خاک کر دیاگیا ۔ 

شیئر: