Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اماراتی پاسپورٹ دنیا میں سب سے طاقتور 

اماراتی پاسپورٹ پر 179 ممالک کا سفر ویزے کے بغیر کیا جا سکتا ہے۔ فائل فوٹو
متحدہ عرب امارات کے پاسپورٹ نے مکمل ایک سال تک ’پاسپورٹ انڈیکس‘ میں دنیا کے طاقتور ترین پاسپورٹ ہونے کا ریکارڈ قائم کر لیا ہے۔
دسمبر 2018 میں اماراتی پاسپورٹ کو دنیا بھر میں پہلی پوزیشن حاصل ہوئی تھی۔ اب تک یہ اپنی پوزیشن برقرار رکھے ہوئے ہے۔
البیان اخبار کے مطابق اماراتی پاسپورٹ پر 179 ممالک کا سفر ویزے کے بغیر کیا جا سکتا ہے۔
دنیا کے سب سے طاقتور پاسپورٹ اور دوسرے نمبر پر آنے والے پاسپورٹ کے درمیان 8 ممالک کا فرق پایا جاتا ہے۔ 

اماراتی باشندے دنیا کے 90 فیصد ممالک کا سفر بغیر ویزے کے کر سکتے ہیں۔ فائل فوٹو

اس کامطلب یہ ہے کہ پوری دنیا میں دوسرے نمبر پر آنے والے پاسپورٹ پر 171 ممالک کا سفر کیا جاسکتا ہے۔ امارات کے پاسپورٹ پر مزید آٹھ ممالک کا سفر بغیر ویزے کے کیا جاسکتا ہے۔ 
دسمبر 2018 میں پاسپورٹ انڈیکس کے مطابق اماراتی پاسپورٹ پر صرف 167 ممالک کا سفر بغیر ویزے کے کیا جاسکتا تھا۔
2019 کے دوران اس میں مزید ممالک شامل ہوئے۔ اب اماراتی باشندے دنیا کے 90 فیصد ممالک کا سفر بغیر ویزے کے کر سکتے ہیں۔

اماراتی شہری بغیر ویزہ کے پاکستان سفر کر سکتے ہیں۔ فوٹو البیان

رپورٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات کو ایک سال کے دوران بغیر ویزے کے جن نئے ممالک کے سفر کا اعزاز حاصل ہوا ہے ان میں پاکستان، وسطی افریقہ، گنی، نمیبیا، جنوبی افریقہ، منگولیا، نائجیریا، روس، جنوبی سوڈان، سورینام اور ازبکستان شامل ہیں۔
ورلڈ گراف کمپنی آرٹن کیپٹل کے بانی چیئرمین آرمنڈ آرون کے مطابق ’دنیا بھر میں سب سے طاقتور پاسپورٹ کا اعزاز حاصل کرنا مشکل تھا لیکن اس اعزاز کو برقرار رکھنا اس سے بھی زیادہ مشکل ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا ’امارات نے نہ صرف یہ کہ پہلی پوزیشن برقرار رکھی بلکہ نئے ممالک کا اس میں اضافہ بھی کیا ہے۔‘
آرمنڈآرون کے مطابق متحدہ عرب امارات پاسپورٹ کی درجہ بندی کے حوالے سے عرب دنیا کا پہلا ملک ہے۔ توقع ہے کہ امارات ایکسپو دبئی 2020 کے حوالے سے دنیا کے تمام ریکارڈ توڑ دے گا۔
          
خود کو اپ ڈیٹ رکھیں، واٹس ایپ گروپ جوائن کریں
 

شیئر: