امارات: کورونا سے ہلاک ہونے والوں کے لواحقین کےلیے کفالت سکیم
امارات: کورونا سے ہلاک ہونے والوں کے لواحقین کےلیے کفالت سکیم
جمعہ 17 اپریل 2020 12:30
کفالت پروگرام امارات میں مقیم غیر ملکیوں پر بھی لاگو ہوگا(فوٹو، سوشل میڈیا)
اماراتی ہلال الاحمر اتھارٹی نے اعلان کیا ہے کہ ’کوروناوائرس سے ہلاک ہونے والے مقامی اور غیرملکیوں کے لواحقین کی مکمل کفالت کی جائے گی۔ کفالت پروگرام کو ’آپ اہنے اہل خانہ کے درمیان ہیں ‘ کا عنوان دیا گیاہے۔
امارات ٹوڈے سے گفتگو کرتے ہوئے ہلال احمر اتھارٹی کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمد عتیق الفلاحی نے کہا کہ ’شیخ حمدان بن زاید ال نھیان جو کہ ہلال الاحمر کے نگران اعلی بھی ہیں نے موجودہ کورونا وائرس اور اس سے ہونے والے جانی نقصانات کی صورتحال کا فوری نوٹس لیتے ہوئے انسانی ہمدردی کی بنیادپر ’کووڈ 19‘ کے سبب ہلاک ہونے والوں کے اہل خانہ کی فوری داد رسی اور انکا دکھ کم کرنے کے لیے خصوص کمیشن قائم کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں‘۔
کورونا سے ہلاک ہونے والوں کےلواحقین کی کفالت کے لیے کمیشن قائم کیا گیا(فوٹو، سوشل میڈیا)
انہوں نے مزید کہا’انسانی ہمدردی کی بنیاد پر جاری احکامات میں کہا گیا کہ حکومت کورونا وائرس سے ہلاک ہونے والے خاندانوں کے لواحقین کے غم میں برابر کی شریک ہے، غم کے ان کٹھن لمحات میں یہ یقین دلانا چاہتے ہیں کہ وہ تنہا نہیں ہیں اس مشکل گھڑی میں انکی ہرممکن مدد کی جائے گی خواہ وہ بچوں کی تعلیم کے حوالے سے ہویا معاشی مسائل حکومت ہر ممکن امداد جاری رکھے گی تاکہ زندگی کی مشکلات سے وہ بخوبی نکل سکیں‘۔
ڈاکٹر الفلاحی نے مزید کہا ’ہلال احمر اتھارٹی کی جانب سے احکامات پر فوری عمل درآمد کرتےہوئے کمیشن قائم کردیا گیا ہے جس کے تحت جامع کفالت پروگرام ترتیب دیاجارہا ہے ۔ تمام متاثرہ خاندانوں کی فہرست مرتب کی جارہی ہے جن کے افراد امارات میں کورونا وائرس سے ہلاک ہوئے ہیں‘۔
’احکامات پر عمل درآمد کےلیے مقررہ کمیشن متاثرہ خاندانوں کی کفالت کےلیے مختلف پہلوں سے انکی ضروریات کا جائزہ لینے کے بعد فوری طور پر عمل درآمد کا آغاز کردے گا‘۔
ہلال احمر کے سیکرٹری کا کہنا ہے کہ ’لواحقین خود کو تنہا نہ سمجھیں‘(فوٹو، سوشل میڈیا)
ہلال احمر کے سیکرٹری جنرل نے مزید کہا ’مقررکیاجانے والا کمیشن متاثرین کی ہر طرح سے مدد کےلیے انسان دوستی کے جذبات کے تحت کام کررہا ہے ، ہمارے پیش نظر ان خاندانوں کا دکھ مقدم ہے جو ان حالات سے گزر رہے ہیں ، اہم انہیں یقین دلاتے ہیں کہ دکھ کی اس گھڑی میں وہ خود کو کبھی تنہا نہیں سمجھیں گے‘۔