رمضان کے مہینے میں گھر میں موجود خواتین کی کوشش ہوتی ہے کہ ہر روز افطار میں نت نئے کھانے تیار کر کے گھر والوں کے دل خوش کیے جائیں جس کے لیے وہ یوٹیوب پر موجود کوکنگ چینلز پر اپنی پسندیدہ تراکیب کو تلاش کرنے لگتی ہیں۔
مگر بہترین تراکیب بتانے والے یوٹیوب چینل سے متعلق آگاہی نہ ہونے کے باعث اکثر اوقات اُن کے کھانے ویسے نہیں بنتے جیسے انھوں نے یوٹیوب چینل پر دیکھے ہوتے ہیں۔
ایسی خواتین کی مشکل آسان کرنے کے لیے اُردو نیوز نے پاکستان کے بہترین پانچ چینلز کی نشاندہی کی ہے جس پر موجود آسان اور مزیدار ترکیبیں دیکھ کر ریستوران جانے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔ ان تمام چینلز کو فالو کرنے والے افراد کی تعداد بھی لاکھوں میں ہے۔
مزید پڑھیں
-
پانچ مشورے: سحری میں کیا کھائیں؟Node ID: 475756
-
رمضان کے دوران بچوں کو کچن میں مصروف کریںNode ID: 475921
-
انٹرمیٹنٹ فاسٹنگ اور روزے میں فرق کیا؟Node ID: 475996
کچن ود آمنہ
لاہور میں رہنے والی آمنہ ریاض پاکستان کی ایسی پہلی خاتون ہیں جن کے کوکنگ چینل پر 30 لاکھ سے زائد سبسکرائبرز ہیں۔ آمنہ کے چینل پر 924 ویڈیوز ہیں۔ ان ویڈیوز میں انڈیا اور پاکستان کی تقریباً ہر روایتی ڈش شامل ہے۔
آمنہ اپنے چینل پر موجود ہر ترکیب کو انتہائی اچھے طریقے سے سمجھاتی ہیں۔ آمنہ نے اپنے چینل کا آغاز اپنے فون کے معمولی سے کیمرے سے بنائی ہوئی وڈیو سے کیا تھا جو دیکھتے ہی دیکھتے پاکستان کا ایک مشہور چینل بن گیا ہے۔

ویلیج فوڈ سیکرٹس
اس چینل کو چلانے والے مبشر صدیق ایک گاوں میں رہتے ہیں اور ان کے چینل پر تقربیاً 20 لاکھ سے زائد فالورز ہیں۔ اس چینل کی خاص بات یہ ہے کہ مبشر اپنی ویڈیو میں گاؤں کے ماحول کو دکھاتے ہیں۔ مبشر مٹی کے برتنوں میں کھانا پکاتے ہیں، جس کو کافی پسند کیا جاتا ہے۔ ان کے چینل پر 709 ویڈیوز موجود ہیں۔
فوڈ فیوژن
فوڈ فیوژن کے چینل پر20 لاکھ سے زائد سبسکرائبرز ہیں۔ اس چینل کی خاص بات یہ ہے کہ یہاں ہر ترکیب کو بیان کرنے کے بجائے میوزک کے ساتھ ڈش کے اجزا بتائے جاتے ہیں۔
اس چینل کو فالو کرنے والے افراد کا کہنا ہے کہ اس چینل کی ویڈیوز دیکھ کر بہت مزہ آتا ہے۔ اور یوں لگتا ہے جیسے مشکل سے مشکل ڈش تیار کرنا بھی آسان ہے۔ اس چینل پر دنیا بھر کی تراکیب پر مشتمل 15 سو سے زائد ویڈیوز موجود ہیں۔

سپر شیف
سپر شیف ایک ایسا چینل ہے جس پر موجود ہر ڈش کو کچھ ہی منٹ میں تیار کر لیا جاتا ہے۔ اس چینل میں بھی ترکیب بیان کرنے کے بجائے ترکیب کو اجزا کی شکل میں بتایا جاتا ہے۔ اس چینل پر رمضان سے متعلق آسان تراکیب شیئر کی گئی ہیں جن کو کافی پسند کیا جا رہا ہے۔
کُن فوڈز
کن فوڈز کو چلانے والے افضل ارشد ہیں۔ یہ بہت ہی دلچسپ اور معلوماتی چینل ہے۔ اس چینل کی خصوصیت یہ ہے کہ اگر کوئی شخص کمرشل سطح پر اپنا کاروبار شروع کرنا چاتا ہے تو افضل ارشد کمرشل جگہوں پر بننے والی ڈشیں سکھاتے ہیں۔
