انڈین وزیراعظم نریندر مودی کا ٹوئٹر اکاؤنٹ ہیک کر لیا گیا ہے۔ سوشل میڈیا مائیکروبلاگنگ سائٹ ٹوئٹر نے جمعرات کو اس بات کی تصدیق کی ہے کہ نریندر مودی کا ٹوئٹر اکاؤنٹ ہیک ہو گیا ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق نریندر مودی کے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے ٹویٹ کرکے کرپٹوکرنسی ’بٹ کوائن‘ کے ذریعے وزیراعظم قومی راحت فنڈ میں عطیہ کرنے کو کہا گیا، تاہم بعد میں یہ ٹویٹ ڈیلیٹ کر دی گئی۔
مزید پڑھیں
-
نازیبا پیغامات پر شین واٹسن کی معذرتNode ID: 438401
-
ٹوئٹر: نامناسب تبصروں سے کیسے بچ سکتے؟Node ID: 480326
-
'آپ مجھے سوشل میڈیا پر نہیں دیکھیں گے'Node ID: 481636
نریندر مودی کے ہیک ہونے والے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر 25 لاکھ سے زائد فالوورز موجود ہیں۔
ٹوئٹر کے ایک ترجمان کا کہنا ہے کہ 'ہم اس سرگرمی سے آگاہ ہیں اور اکاؤنٹ کو محفوظ بنانے کے لیے اقدامات اٹھا رہے ہیں۔ ہم اس صورت حال کی فوری تحقیقات کر رہے ہیں۔'
ٹوئٹر کا کہنا ہے کہ اسے نریندر مودی کے اکاؤنٹ ہیکنگ اور جولائی میں اہم شخصیات کے اکاؤنٹس ہیک ہونے کے درمیان کوئی تعلق نظر نہیں آیا۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ ہیکرز نے 45 اکاؤنٹس سے جعلی ٹویٹس کیں،36 اکاؤنٹس میں ذاتی پیغامات تک رسائی حاصل کی اور سات اکاؤنٹس سے ٹوئٹر کا ڈیٹا ڈاؤن لوڈ لیا۔
انڈین میڈیا کے مطابق وزیراعظم نریندر مودی کا ٹوئٹر اکاؤنٹ بعد ازاں بحال کر دیا گیا۔
رواں برس جولائی میں ہیکرز نے امریکہ کے سابق صدر براک اوبامہ، مائیکرو سوفٹ کے شریک بانی بل گیٹس اور ٹیسلا کے مالک الون مسک سمیت درجنوں ہائی پروفائل شخصیات کے ٹوئٹر اکاؤنٹس ہیک کر لیے تھے۔
ہیکرز نے اکاؤنٹس ہیک کرنے کے بعد بٹ کوائن اکاؤنٹ میں رقم کا مطالبہ کیا تھا۔
دیگر جو ہائی پروفائل اکاؤنٹس متاثر ہوئے تھے ان میں ایمازون کے بانی جیف بیزوس اور ایپل کے اکاؤنٹس بھی شامل تھے۔
