سعودی ملازم کی کم سے کم تنخواہ 4 ہزار ریال مقرر
’تین ہزار سے کم تنخواہ لینے والے سعودی ملازم کو نطاقات پروگرام میں شمار نہیں کیا جائے گا‘ ( فوٹو: سبق)
وزیر افرادی قوت انجینئر احمد بن سلیمان الراجحی نے نجی شعبے میں کام کرنے و الے سعودی شہریوں کی کم سے کم تنخواہ تین ہزار سے بڑھا کر 4 ہزار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق وزیر افرادی قوت کے فیصلے کے بعد نطاقات پروگرام میں سعودی ملازم کی بھرتی اس وقت تصور کی جائے گی جب اسے کم سے کم 4 ہزار ریال ماہانہ تنخواہ دی جائے گی۔
نئے فیصلے کے بعد کم سے کم تین ہزار ریال تنخواہ لینے پر نطاقات پروگرام میں آدھا ملازم شمار ہوگا۔
اسی طرح تین ہزار ریال سے کم تنخواہ دینے پر نطاقات پروگرام میں سعودی ملازم کی بھرتی شمار نہیں ہوگی۔
وزارت نے کہا ہے کہ ’جس کارکن کی تنخواہ تین ہزار ریال سے زیادہ اور 4 ہزار سے کم ہے اسے بھی نطاقات پروگرام میں آدھا ملازم شمار کیا جائے گا‘۔
’کم سے کم تین ہزار لینے والے کارکن کا نطاقات میں آدھے ملازم کے طور پر شمار اس وقت ہوگا جب اس کی سماجی انشورنس فیس ادا کی جائے گی‘۔
’جو سعودی کارکن لچکدار ڈیوٹی اوقات کے مطابق کام کرتے ہیں وہ اگر 168 گھنٹے مکمل کرلیں تو انہیں نطاقات میں ایک تہائی ملازم شمار کیا جائے گا‘۔