بحرین کی کشتیاں روکنے پر قطر کی مذمت
جمعرات 26 نومبر 2020 16:58
بحرین کی پارلیمنٹ نے قطر کی جانب سے اس کی دو کوسٹ گارڈ کشتیوں کو روکنے کی مذمت کی ہے۔
العریبیہ ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق بحرین کی جانب سے کہا گیا ہے کہ قطر کا عمل خطے کی سلامتی اور استحکام کے لیے خطرناک ہے۔ ساتھ ہی قطر کو کہا گیا کہ وہ بین الاقوامی قوانین اور خلیج تعاون کونسل کے فیصلوں کا احترام کرے۔
تین قطری کوسٹ گارڈ کشتیوں نے بحرین کی دو کشتیوں کو بدھ کے روز اس وقت روکا تھا جب وہ میری ٹائم کی مشقوں کے بعد واپس جا رہی تھیں۔
بحرین کی وزارت داخلہ کی جانب سے اس حوالے سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ بعد ازاں ان کشتیوں کو جانے کی اجازت دے دی گئی۔
بحرین کی جانب سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ یہ واقعہ خلیج تعاون کونسل کے علم میں لایا جائے گا اور امید کی جاتی ہے کہ یہ واقعہ آئندہ نہیں دہرایا جائے گا۔