Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

واٹس ایپ کا نیا فیچر: اب صارفین ڈیسک ٹاپ پر بھی ویڈیو کال کر سکیں گے

بڑی سکرین پر ویڈیو کال کی سہولت سے واٹس ایپ ویڈیو کانفرنسنگ کی بڑی سروس جیسے زوم اور گوگل میٹ کے مقابلے آجائے گا۔ فوٹو: ان سپلیش
ویڈیو کال سروس زوم اور گوگل میٹ کی رواں سال مقبولیت کے بعد اب واٹس ایپ بھی اپنے صارفین کے لیے ڈیسک ٹاپ پر ویڈیو کی سہولت متعارف کروانے والا ہے۔
فیس بک انکارپوریشن کی میسجز ایپلیکیشن واٹس ایپ کے ایک ترجمان نے خبر رساں ادارے روئٹرز کو بتایا کہ واٹس ایپ اپنا وائس اور ویڈیو کال کرنے کا آپشن ڈیسک ٹاپ پر اگلے سال متعارف کروائے گا۔
بڑی سکرین پر ویڈیو کال کی سہولت سے واٹس ایپ ویڈیو کانفرنسنگ کی بڑی سروس جیسے زوم اور گوگل میٹ کے مقابلے آجائے گا۔
تاہم یہ ابھی واضح نہیں کہ واٹس ایپ زوم اور گوگل میٹ سے مقابلہ کرنا چاہ رہا ہے یا نہیں۔  
واٹس ایپ کے دنیا بھر میں دو ارب سے زیادہ صارفین ہیں اور اسے ذاتی فون کالز کے لیے عام طور پر استعمال کیا جاتا ہے۔ جبکہ زوم اور گوگل میٹ کو ذاتی فون کالز کے لیے اس طرح استعمال نہیں کیا جاتا۔  
ڈیسک ٹاپ پر ویڈیو کال سروس واٹس ایپ نے تجربے کے طور پر کچھ صارفین کو دی ہوئی ہے۔ اس اقدام کے بارے میں سب سے پہلے ٹیکنالوجی کے بلاگ ویب بیٹا انفو نے رپورٹ کیا تھا۔
کورونا وائرس کی پہلی لہر میں جب دفاتر بند ہوئے اور لوگوں نے اپنی دفتری اور ذاتی سرگرمیاں گھروں تک محدود کر لیں، اس وقت زوم اور گوگل میٹ کی مقبولیت آسمان کو چھونے لگی تھی۔ دفاتر کے کاموں سے لے کر شادی بیاہ کی تقریبات تک، سب زوم پر ہو رہا تھا۔

یہ ابھی واضح نہیں کہ واٹس ایپ زوم اور گوگل میٹ سے مقابلہ کرنا چاہ رہا ہے یا نہیں۔ فوٹو: ان سپلیش

اب وائرس کی دوسری لہر کے دوران بھی لوگ یہ کرنا جاری رکھ رہے ہیں۔
جمعے کو زوم ویڈیو کمیونیکیشنز انکارپوریشن کا کہنا تھا کہ وہ موجودہ چھٹیوں کے دنوں کے لیے مفت پر چلنے والے اکاؤنٹس پر سے 40 منٹ کی پابندی ہٹا رہا ہے۔
اسی طرح گوگل میٹ نے کہا ہے کہ اس کے مفت میں سروس استعمال کرنے والے صارفین مارچ تک 60 منٹ کی حدود سے زیادہ بات کرسکتے ہیں۔  

شیئر: