لبنان ، الجزائر، مراکش اور مصر میں کورونا کیسز میں اضافہ
لبنان ، الجزائر، مراکش اور مصر میں کورونا کیسز میں اضافہ
جمعہ 22 جنوری 2021 11:16
مصر میں ایک لاکھ 25 ہزار سے زائد افراد کورونا سے شفایاب ہو چکے ہیں(فوٹو، ٹوئٹر)
کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں ایک بار پھراضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران لبنان ، الجزائر، مصر اور مراکش میں بھی کووڈ 19 کے وائرس کا شکارہونے والوں کی تعداد بڑھ گئی۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے ‘ کے مطابق لبنان میں گزشتہ روز 4 ہزار 594 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد وہاں مجموعی مریضوں کی تعداد 2 لاکھ 69 ہزار 241 تک پہنچ گئی۔
لبنانی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ ایک ہی دن میں کورونا سے 67 افراد کے ہلاک ہونے کے بعد اب تک مجموعی ہلاکتوں کی تعداد 2 ہزار 151 ہو گئی۔
مراکش میں کورونا کے مزید 1164 کیسز رپورٹ ہونے کے بعد مجموعی مریضوں کی تعداد 4 لاکھ 63 ہزار 706 ہوچکی ہے۔ مرکشی وزارت صحت کے مطابق ایک ہی دن میں 33 افراد کے ہلاک ہونے کے بعد اب تک اس وائرس سے مجموعی ہلاکتیں 8 ہزار76 ہو چکی ہیں جبکہ اس مہلک وائرس سے 4 لاکھ 39 ہزار 301 افراد شفایاب ہوئے۔
الجزائری وزارت صحت کے مطابق ایک ہی روز میں کورونا کے 246 کیسز کی تصدیق ہوئی جبکہ 4 افراد اس وائرس سے ہلاک ہوئے۔
الجزائر میں اب تک ایک لاکھ 4 ہزار 852 افراد کورونا سے متاثر ہو چکے ہیں جبکہ 2 ہزار 853 ہلاکتیں ریکارڈ کی گئی ہیں ۔
مصر میں ایک ہی دن میں 752 افراد کے کورونا ٹیسٹ پازیٹو آنے کے بعد اب تک مجموعی مریضوں کی تعداد ایک لاکھ 59 ہزار 715 تک پہنچ چکی ہے جبکہ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران 54 افراد اس وائرس سے ہلاک ہوئے۔
مصری وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر خالد مجاہد کا کہنا ہے کہ اب تک کورونا وائرس سے 8 ہزار 801 ہلاکتیں ہو چکی ہیں جبکہ اس مہلک بیماری سے ایک لاکھ 25 ہزار 171 افراد شفایا ب ہو چکے ہیں