اسرائیلی کابینہ کی مراکش سے تعلقات بہتر بنانے کے معاہدے کی منظوری
اسرائیلی کابینہ کی مراکش سے تعلقات بہتر بنانے کے معاہدے کی منظوری
اتوار 24 جنوری 2021 19:39
فلسطینیوں نے اسرائیل سے کئے جانیوالے ان معاہدوں کی مذمت کی ہے۔(فوٹو اے پی)
اسرائیل کی کابینہ نے اتوار کو مراکش کے ساتھ تعلقات بہتر بنانے کے معاہدے کی منظوری دی ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق یہ معاہدہ اب توثیق کے لیے اسرائیل کی پارلیمنٹ میں جائے گا۔
گزشتہ ماہ سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ کی جانب سے 2020 میں کی جانے والی ثالثی کے ذریعے متحدہ عرب امارات ، بحرین اور سوڈان نے اسرائیل کے ساتھ معمول کے تعلقات کی طرف پیشرفت کی تھی۔
ان کے نقش قدم پر چلتے ہوئے مراکش بھی اسرائیل سے تعلقات بہتر بنارہا ہے۔
فلسطینیوں نے اسرائیل سے کیے جانے والے ان معاہدوں کی مذمت کی ہے۔ فلسطین کا کہنا ہے کہ ’یہ معاہدے ہمارے دیرینہ موقف سے غداری کے مترادف ہیں۔‘
فلسطینیوں کا کہنا ہے کہ اسرائیل پہلے فلسطینی آزاد ریاست کے حوالے سے ان کا اولین مطالبہ پورا کرے۔
جب ٹرمپ انتظامیہ نے اسرائیل کے کٹر دشمن ایران کو الگ تھلگ کرنے کی کوشش کی تو کاروبار کے مواقع یا معاشی امداد کے وعدوں کے ساتھ معاہدوں کو خوشگوار بنانے کی کوشش کی گئی تھی۔