امارات میں پاکستان کے نئے سفیر نے چارج سنبھال لیا
افضال محمود نئی ذمہ داری سے قبل بحرین میں فرائض انجام دے رہے تھے (فوٹو: ٹوئٹر)
متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے نئے سفیر افضال محمود نے بدھ کو اپنی ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں۔ انہوں نے غلام دستگیر کی جگہ لی ہے جو یو اے ای میں سفیر کے فرائض انجا م دے رہے تھے۔
امارات کی سرکاری خبر رساں ایجنسی وام نے پاکستانی سفارت خانے کی جانب سے جاری تفصیلات کے حوالے سے بتایا ہے کہ ’افضال محمود نئی ذمہ داری سنبھالنے سے قبل بحرین میں پاکستان کے سفیر کی حیثیت سے فرائض انجام دے رہے تھے۔‘
افضال محمود وسیع سفارتی تجربہ رکھتے ہیں اور دنیا کے مختلف ممالک اور بین الاقوامی فورمز پر پاکستان کی نما ئندگی کرچکے ہیں۔
قابل ذکرسفارتی ذمہ داریوں میں 2013 سے 2016 تک ہوسٹن میں پاکستانی قونصل جنرل رہنا بھی شامل ہے۔ اس سے قبل وہ بنگلہ دیش میں 2009 سے 2013 تک پاکستان کے نائب و قائمقام ہائی کمشنر بھی رہ چکے ہیں۔
انہوں نے 2004 سے 2007 تک اقوام متحدہ کے ماحولیاتی پروگرام اور انسانی آباد کاری پروگرام میں پاکستان کی نمائندگی بھی کی ہے۔
ان کی دیگر سرکاری ذمہ داریوں میں آسیان، سارک، انڈونیشیا، مشرقی افریقہ، بنگلہ دیش اور جرمنی میں موسمیاتی تبدیلیوں کے حوالے سے اجلاسوں میں نمائندگی شامل ہے۔
وزارت خارجہ اسلام آباد میں تعیناتی کے دوران انہوں نے مختلف ذمہ داریاں سرانجام دیں۔ ان میں ڈی جی امریکہ و یورپ، ڈائریکٹر، ڈپٹی ڈائریکٹر اور اسسٹننٹ ڈائریکٹر برائے ایران، ترکی، یورپ و جنوبی ایشیا شامل ہیں۔
افضال محمود نے گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج چکوال پنجاب سے اکنامکس میں ڈگری حاصل کر رکھی ہے جبکہ ترکی کی انقرہ یونیورسٹی سے وہ ترک زبان کی تعلیم بھی حاصل کرچکے ہیں۔
اردو، انگریزی، پنجابی کے علاوہ انڈونیشین اور ترک زبان پر عبور رکھتے ہیں۔