Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امارات میں پاکستان کی بزنس کمیونٹی کے ساتھ مل کر کام کریں گے: پاکستانی سفیر

پاکستانی سفیر کے مطابق ’یو اے ای کے ساتھ تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دینا ان کی اولین ترجیح ہے‘ (فوٹو: پاکستانی سفارت خانہ)
متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں پاکستان کے سفیر محمود افضال نے کہا ہے کہ ’یو اے ای کے ساتھ تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دینا ان کی اولین ترجیح ہے۔‘
وہ متحدہ عرب امارات میں پاکستانی سفارت خانے اور پاکستان بزنس پروفیشنل کونسل (پی بی پی سی) کے سکیوریٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی)کے اشتراک سے پاکستانی سرمایہ کاروں کے آن لائن اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔

 

انہوں نے کہا کہ ’وہ متحدہ عرب امارات میں پاکستانی بزنس کمیونٹی اور پاکستانی اداروں کے ساتھ مل کر کام کریں گے تاکہ یو اے ای کو پاکستانی برآمدات کے لیے متحرک فورم فراہم ہوسکے۔‘
انہوں نے دو طرفہ تعلقات مضبوط بنانے کے لیے غیر مقیم پاکستانیوں کی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔
پاکستانی سفیر محمود افضال نے پاکستانی تاجروں، کاروباری فرموں اور متعلقہ اداروں سے اپیل کی کہ ’وہ سکیوریٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان اور حکومت پاکستان کے دیگر ڈیجیٹل فورمز کی جانب سے ’پاکستان کی ڈیجیٹل آن بورڈنگ انویسٹرز‘کے ذریعے پیدا ہونے والے مواقع سے استفادہ کریں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’امید ہے کہ ایسے اقدامات سے تارکینِ وطن پاکستانیوں کو آگاہی ہوگی اور وہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے معاشی و تجارتی تعلقات کو مستحکم کرنے کے لیے اپنا فعال کردار ادا کرسکیں گے۔‘
پاکستانی سفیر نے آن لائن اجلاس کے انعقاد اور اس میں شرکت کرنے پر پاکستان بزنس پروفیشنل کونسل کے صدر ڈاکٹر قیصر انیس، چیئرمین سکیوریٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان اور دیگر شرکا کا شکریہ ادا کیا۔

شیئر: