’آئیں چاند تک چلیں‘ جاپانی شخص کی مفت خلائی سفر کی دعوت
’آئیں چاند تک چلیں‘ جاپانی شخص کی مفت خلائی سفر کی دعوت
بدھ 3 مارچ 2021 10:47
جاپانی بزنس مین کا کہنا تھا کہ 10 سے 12 افراد خلائی جہاز میں ہوں گے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
جاپان میں ایک ارب پتی شخص نے دنیا بھر سے آٹھ افراد کو چاند پر لے جانے کا انتظام کیا ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق فیشن انڈسٹری کی مشہور شخصیت یوساکو مائزاوا کے بارے میں 2018 میں بتایا گیا تھا کہ وہ پہلے آدمی ہیں جنہوں نے راکٹ اور خلائی جہاز بنانے والی کمپنی سپیس ایکس کے خلائی جہاز میں ایک نشت بک کی تھی۔
مائزاوا نے یہ تو نہیں بتایا کہ اس سفر کے لیے کتنی رقم مختص کی گئی تاہم اپنے سفر میں تخلیق کاروں کو شامل ہونے کی دعوت دی ہے۔ توقع کی جا رہی ہے کہ چاند کے گرد یہ سفر 2023 میں ہوگا۔
یوساکو مائزاوا نے پہلے کہا تھا کہ وہ چھ سے آٹھ تخلیق کاروں کو اپنے ساتھ چاند پر جانے کی دعوت دیں گے۔
تاہم بدھ کو اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو کے ذریعے انہوں نے اس سفر کے لیے درخواستیں لینے کے عمل کا انکشاف کیا۔
انہوں نے کہا کہ ’میں آپ کو اس مشن پر اپنے ساتھ جانے کی دعوت دے رہا ہوں۔ دنیا بھر سے آپ میں سے آٹھ افراد۔ میں نے تمام نشستیں خرید لی ہیں، تو یہ ایک نجی سواری ہوگی۔‘
45 سالہ یوساکو مائزاوا کا کہنا تھا کہ ان کا ابتدائی پلان آرٹسٹس کو دعوت دینا تھا لیکن انہوں نے اس کو تبدیل کر دیا ہے کیونکہ ان کا ماننا ہے کہ ہر وہ شخص جو کوئی تخلیقی کام کرتا ہے وہ آرٹسٹ کہلا سکتا ہے۔
جاپانی بزنس مین کا کہنا تھا کہ اس سفر کے لیے جانے کے خواہش مند افراد کو صرف دو چیزیں کرنا ہوں گی: ’انہیں اس عمل کو تخلیقی انداز میں کرنا ہوگا اور دیگر افراد کو ایسا کرنے میں مدد فراہمی کے لیے تیار رہنا ہوگا۔‘
ان کا کہنا تھا کہ کل ملا کر 10 سے 12 افراد اس خلائی جہاز میں ہوں گے جو متوقع طور پر چاند کے گرد چکر لگائے گا۔
سفر پر جانے کی خواہش رکھنے والوں کو 14 مارچ تک رجسٹر کروانے کا کہا گیا ہے جبکہ چناؤ کا ابتدائی عمل 21 مارچ تک ہوگا۔