Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ٹوئٹر کا نیا فیچر: اب آپ کی ٹویٹس مخصوص صارفین ہی دیکھ سکیں گے

گذشتہ مہینے ٹوئٹر نے کینیڈا اور آسٹریلیا میں ٹویٹس کے ایڈیٹ کا آپشن بھی متعارف کیا ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
کچھ عرصہ قبل ’ٹویٹ ریپلائز‘ کو محدود کرنے کا فیچر متعارف کرانے والی مائکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر اب کچھ ایسے فیچرز پر کام کر رہی ہے جس سے ٹویپس طے کر سکیں گے کہ ان کی کون سی ٹویٹ کسے دکھائی دے۔
الرجل کے مطابق معاملے سے متعلق اپ ڈیٹس میں بتایا گیا ہے کہ اس فیچر کے تحت صارف کو یہ اختیار ہو گا کہ وہ اپنی ٹویٹ کو قابل بھروسہ دوستوں تک محدود رکھ سکے۔

ٹویٹس قابل اعتماد دوستوں تک محدود کرنا ممکن

نئے فیچرز کو متعارف کرائے جانے کے حوالے سے تاحال کوئی تاریخ نہیں دی گئی تاہم امکان ہے کہ یہ فیچرز جلد ٹوئٹر صارفین کو میسر ہوں گے۔
اس کے نتیجے میں ٹوئٹر صارفین کے لیے ممکن ہو گا کہ وہ اضافی، ناپسندیدہ یا مخصوص اکاؤنٹس کو ’بین‘ کیے بغیر اپنی ٹویٹس صرف انہیں افراد تک محدود رکھیں جن پر انہیں بھروسہ ہو۔
یہ امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے کہ اگر ٹوئٹڑ نیا فیچر جاری کرتا ہے تو ٹویپس کو اپنی ذاتی اور پیشہ ورانہ ٹویٹس کو کسی اضافی اکاؤنٹ کے بغیر الگ الگ رکھنے کی سہولت مل سکے گی۔
خود کو ٹوئٹر کے پروڈکٹ ڈیزائنر کے طور پر متعارف کرانے والے ہینڈل ’اے ڈیزائنر‘ نے ایک تھریڈ کی صورت نئے فیچرز سے متعلق ٹویٹس کی تو یہ بھی بتایا کہ ایپلیکیشن اس وقت کس رخ پر کام کر رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ’ٹرسٹڈ فرینڈز فیچر‘ کے ساتھ آپ اپنی ٹویٹس منتخب کیے گئے گروپ کو بھیج سکیں گے۔ اتنا ہی نہیں بلکہ آپ اپنے قابل بھروسہ دوستوں کی ٹویٹس سب سے پہلے دیکھ بھی سکیں گے۔
ٹوئٹر کی جانب سے صارفین کو لسٹ کا فیچر خاصے عرصے سے مہیا کر رکھا ہے اس کے تحت کسی بھی صارف کے لیے ممکن ہے کہ وہ کوئی لسٹ بنائے، یا پہلے سے بنی کسی لسٹ کو فالو کر کے کسی
مخصوص شعبے سے تعلق رکھنے والے افراد کی ٹویٹس کو ایک جگہ اور سب سے پہلے دیکھ سکے۔
ٹوئٹر کے پروڈکٹ ڈیزائنر کے مطابق ’فیسٹس‘ نام کے ایک نئے فیچر کے تحت صارفین کے لیے یہ بھی ممکن ہو سکے گا کہ وہ اپنی ٹویٹس کو مختلف اقسام میں بانٹ کر کے انہیں صرف متعلقہ گروپس سے ہی شیئر کریں۔ 
اگر ’فیسٹس‘ کا یہ فیچر متعارف کرایا جاتا ہے تو کسی اکاؤنٹ کو فالو کرنے والوں کو بھی یہ موقع دیا جا سکتا ہے کہ وہ چاہیں تو پورے اکاؤنٹ کو فالو کریں یا چاہیں تو کسی خاص ’فیسٹ‘ کا فالو کر لیں۔

ایک اور ایسے ہی فیچر کے تحت ٹویٹ کرنے والے کو یہ اختیار دیا جا سکتا ہے کہ وہ کون سی الفاظ یا جملے نہیں دیکھنا چاہتا۔
ٹویپ کی جانب سے غیراخلاقی اور ناپسندیدہ الفاظ یا جملوں کو بلاک کیے جانے کے بعد اگر کوئی فرد جواب میں وہ الفاظ استعمال کرے گا تو اسے ٹویٹر کی جانب سے خبردار کیا جائے گا کہ صاحب ٹویٹ نے ان الفاظ کے استعمال کی اجازت نہیں دی ہے۔
اتنا ہی نہیں بلکہ ٹویپس کو یہ سہولت بھی دی جائے گی کہ وہ خلاف ورزی کرنے والے ریپلائز کو خودکار طریقے سے گفتگو کے اختتام پر منتقل کر دے۔

شیئر: