Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

متحدہ عرب امارات کے لیے مزید پروازیں چلائی جائیں گی: فواد چوہدری

پاکستان کے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ پاکستان بڑھتی ہوئی طلب کو پورا کرنے کے لیے متحدہ عرب امارات کے لیے مزید پروازیں چلانے کا ارادہ رکھتا ہے۔
خلیج ٹائمز کے مطابق سنیچر کو دبئی میں پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا کہ ’مسافروں کی سہولت اور پاکستان سے متحدہ عرب امارات کے لیے مہنگی ٹکٹوں کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے جلد ہی اضافی پروازیں متعارف کرائی جائیں گی۔‘
فواد چوہدری نے پریس کانفرنس میں یہ بھی اجاگر کیا کہ کس طرح پاکستانی حکومت نے متحدہ عرب امارات اور دنیا بھر میں مقیم اوورسیز شہریوں کی مدد کی۔
انہوں نے کہا کہ ’بیرون ملک مقیم پاکستانی وراثت کا کوئی بھی تنازع اب آن لائن حل کر سکتے ہیں۔ ہمیں کمیونٹی کی طرف سے بہت اچھا ریسپانس مل رہا ہے کیونکہ اس سے ان کے وقت اور پیسے کی بچت ہو رہی ہے۔‘
فواد چوہدری کا مزید کہنا تھا کہ ’روشن پاکستان سے بہت سے شہری اپنے ملک واپس آئے بغیر اپنے بینکنگ اور فنانشل معاملات حل کر سکتے ہیں۔‘
پاکستان کے وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے پریس کانفرنس میں کہا کہ انڈیا سے اچھے تعلقات چاہتے ہیں اور وزیراعظم عمران خان پڑوسی ملک کے عوام میں بہت زیادہ مقبول ہیں۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ اگر عمران خان دہلی میں جلسہ کریں تو نریندر مودی سے بڑا جلسہ ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ ’دونوں ملکوں کے اچھے تعلقات کا عوام کو فائدہ ہوگا۔ نریندر مودی کی وجہ سے پاکستان اور انڈیا کے تعلقات بہتر نہیں ہو پا رہے۔‘
پاکستان کے وزیر اطلاعات نے کہا کہ ایک طرف انڈیا جو دنیا کی بہت بڑی منڈی ہے اور دوسری جانب چین ہے، ’اور ہم خطے میں ایک اکنامک کاریڈور بنا سکتے ہیں مگر مسئلہ یہ ہے کہ وہاں ایک مسلم کش مودی حکومت ہے۔‘

پاکستانی وزیر اطلاعات کے مطابق نریندر مودی کی وجہ سے دونوں پڑوسی ملکوں کے تعلقات بہتر نہیں ہو پا رہے۔ فوٹو: اے ایف پی

افغانستان کے حوالے سے بات کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ وہاں نئی حکومت کو سہارا دینے کی کوشش کر رہے ہیں۔ پڑوسی ممالک کے ساتھ مل کر نئی افغان حکومت کو تسلیم کیا جائے گا۔ یہ فیصلہ یکطرفہ اور اکیلے نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے افغانستان کی سابق حکومت کو تنقید کا نشانہ بھی بنایا۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ مہنگائی صرف پاکستان میں نہیں بلکہ پوری دنیا میں اس کی لہر آئی ہوئی ہے۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ اوورسیز پاکستانیوں نے ملکی تاریخ کا سب سے بڑا زرمبادلہ بھیجا۔ ’ہماری معیشت بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے بھیجی گئی رقم کی بدولت کھڑی ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے 16 سے 20  ہزار قیدیوں کو بیرون ملک سے رہا کرایا۔ وزیراعظم نے  اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کو حل کرنے پر زور دیا، اب ان کو ووٹ کو حق دینے کی طرف بڑھنا چاہ رہے ہیں۔‘
ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں پاکستان اور انڈیا کے درمیان مقابلے کے بارے میں وزیر اطلاعات نے بتایا کہ ’کل بڑا میچ ہونے جا رہا ہے۔ کرکٹ ہم سب کو جوڑتی ہے، چاہے لاہور ہو، گوادر ہو یا خیبرپختونخوا ہو۔ پورے ملک میں ہر کسی کی دعائیں ٹیم کے ساتھ ہیں۔‘

شیئر: