سعودی ریلوے کا ’کریم‘ کے ساتھ معاہدہ
سعودی ریلوے ’سار‘ نے مسافروں کی سہولت کے لیے ایپ ٹیکسی سروس ’کریم ‘ کے ساتھ بھی معاہدہ کرلیا ہے- قبل ازیں ’اوبر‘ کے ساتھ معاہدہ کیا گیاتھا۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق سعودی ریلوے نے کریم کمپنی کے ساتھ مسافروں کو ریلوے سٹیشن لانے اور لے جانے کا معاہدہ کیا ہے جو دو مرحلوں میں نافذ ہوگا- پہلے مرحلے میں ریاض القصیم، ریاض دمام الھفوف ریلوے سٹیشنوں کے مسافروں کو ’کریم سروس‘ کی سہولت فراہم کی جائے گی-
پروگرام کے مطابق دوسرے مرحلے میں المجمعہ، حائل، الجوف، القریات، بقیق، الشمال ٹرین اور الشرق ٹرین کے مسافروں کو ریلوے سٹیشن لایا لے جایا جائے گا- یہ معاہدہ ایک برس کے لیے کیا گیا ہے-
سار نے مسافروں سے کہا ہے کہ جو بھی کریم سروس سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہوں وہ سٹیشن پہنچنے سے قبل ہی بکنگ کرا سکتے ہیں-
سار انتظامیہ نے توجہ دلائی کہ کریم کمپنی نے مسافروں کی سہولت کے لیے تین استقبالیہ مراکز ہر سٹیشن پر قائم کیے ہیں-
سٹیشن پر ’سار‘ سے سفر کرنے والوں کے لیے رہنما ہدایات مہیا ہوں گی- ریلوے انتظامیہ کریم کے ساتھ شراکتی پروگرام کے تحت ریلوے سٹیشنوں پر مسافروں کو سہولت فراہم کرے گی- آن لائن بھی مسافر کریم سے رابطے میں رہیں گے- فریقین نے سپیشل ایپ بھی اس حوالے سے جاری کی ہے-