سعودی وزیر خارجہ سے اقوام متحدہ کے رابطہ کار کی ملاقات
سعودی وزیر خارجہ سے اقوام متحدہ کے رابطہ کار کی ملاقات
منگل 8 فروری 2022 19:59
یمن میں انسانی و امدادی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے( فوٹو ایس پی اے)
سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان سے منگل کو دفتر خارجہ ریاض میں اقوام متحدہ کے رابطہ کار برائے انسانی امور ڈیوڈ گریسلی نے ملاقات کی ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق یمنی بحران کے جامع سیاسی حل تک رسائی کے حوالے سے علاقائی و بین الاقوامی سطح پر سعودی عرب اور اقوام متحدہ کی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔
یمنی بحران سے متعلق سعودی انشیٹو اور یمنی بھائیوں کے مصائب کم کرنے کے لیے شاہ سلمان مرکز کے ترقیاتی پروگراموں کا بھی جائزہ لیا گیا۔
یمنیوں کے خلاف حوثی دہشت گردوں کی انسانیت مخالف سرگرمیاں رکوانے کے لیےعلاقائی و بین الاقوامی کوششوں میں پیش رفت کے لیے مملکت اور اقوام متحدہ کے درمیان یکجہتی کے فروغ کے طریقے بھی زیر بحث آئے۔
حوثیوں کی کارروائیوں کے باعث یمنی بحران ختم کرانے کے لیے پیش کیے جانے والے تمام سیاسی حل تعطل کا شکار ہیں۔
اس موقع پر یمن میں متعین سعودی سفیر محمد بن سعید آل جابر بھی موجود تھے۔
علاوہ ازیں مشیر ایوان شاہی و سربراہ شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات ڈاکٹر عبداللہ الربیعہ سے بھی اقوام متحدہ کے ماتحت یمن میں انسانی امور کے رابطہ کار نے ملاقات کی ہے۔
ایس پی اے کے مطابق یمن میں انسانی صورتحال اور درپیش بحران کے حوالے سے یمنی بھائیوں کے مصائب دور کرنے کے لیے کی جانے والی انسانی و امدادی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
آئل ٹینکر صافر کی حالت اور اس سے پٹرول رسنے کے خطرات سے پیدا ہونے والے ممکنہ انسانی بحران کا بھی جائزہ لیا گیا ہے۔
اقوام متحدہ کے عہدیدار نے سعودی عرب کی طرف سے مملکت میں کی جانے والی انسانی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ’یمن کے انسانی بحران سے نمٹنے کے لیے مسلسل مدد اشد ضروری ہے‘۔
اقوام متحدہ کے عہدیدار نے شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کے ساتھ مفید تعاون پراطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’فریقین یمن میں انسانی چیلنجوں سے نمٹنے کی مل کر کوشش کررہے ہیں اور اس حوالے سے مملکت کا کردار قابل قدر ہے‘۔