Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شیخ رشید کو ’سٹوڈنٹ لائف میں پیسے لینے‘ کا طعنہ کیوں دیا گیا؟

شیخ رشید مسلم لیگ ق کا حصہ رہ چکے ہیں (فائل فوٹو: قومی اسمبلی)
پاکستان کے وفاقی وزیرداخلہ شیخ نے کوئٹہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پنجاب کی سیاست پر تنقید کی تو جواب میں انہیں ’سٹوڈنٹ لائف میں پیسے لینے‘ کا طعنہ مل گیا۔
سنیچر کو شیخ رشید نے کوئٹہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’میں عمران خان کے ساتھ کھڑا ہوں چٹان کی طرح، میں ان لوگوں کی طرح نہیں ہوں، پانچ پانچ ووٹ ہیں اور صوبے کی چیف منسٹری کے لیے بلیک میل کر رہے ہیں۔‘
ان سے پوچھا گیا کہ کیا آپ بلوچستان عوامی پارٹی کی بات کر رہے ہیں؟ تو جواب میں وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ وہ پنجاب کی سیاست کے بارے میں بات کر رہے ہیں۔
اپنی گفتگو کے آغاز میں سیاسی ماحول بہتر کرنے کے لیے مصالحت کی راہ اپنانے اور اس پر عمل نہ کرنے والوں کو کئی برس انتظار کی تنبیہ کرنے والے وزیرداخلہ نے پنجاب کی سیاست پر تنقید کی تو کسی کا باقاعدہ نام نہیں لیا تھا۔
وزیرداخلہ کا بیان شیئر کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے آبی وسائل اور مسلم لیگ ق کے رہنما مونس الہی نے ٹویٹ کی جس میں ’سٹوڈنٹ لائف میں پیسے لینے‘ کا ذکر کر ڈالا۔
اپنے پیغام میں مونس الہی نے لکھا کہ ’میں شیخ صاحب کی عزت کرتا ہوں لیکن یہ بھول رہے ہیں کہ اسی جماعت کے لیڈران کے بزرگوں سے جناب اپنی سٹوڈنٹ لائف میں پیسے لیا کرتے تھے۔‘
پاکستان تحریک انصاف حکومت کی اتحادی جماعت کے رہنما کی جانب سے وزیرداخلہ کے بیان پر یہ ردعمل ایک ایسے وقت میں دیا گیا ہے جب مسلم لیگ ق نے تحریک عدم اعتماد میں وزیراعظم کا ساتھ دینے یا نہ دینے کے فیصلے کا اعلان ابھی تک نہیں کیا ہے۔
بلوچستان میں میڈیا سے گفتگو کے دوران شیخ رشید نے یہ بھی کہا کہ ’وہ صوبوں کی سیاست نہیں کرتے‘۔
بلوچستان عوامی پارٹی (باپ) کے رہنماؤں کے ساتھ میڈیا سے کی گئی گفتگو کے بعد سابق وزیراعلی بلوچستان جام کمال خان نے بھی شیخ رشید احمد پر تنقید کی۔

اپنی ٹویٹ میں جام کمال نے بلوچستان عوامی پارٹی کا فیصلہ خود کرنے کا ذکر کرتے ہوئے لکھا کہ شیخ رشید ان کی جگہ فیصلہ نہیں کر سکتے۔
وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید ماضی میں مسلم لیگ ق کی جانب سے وزیراطلاعات اور وزیرریلوے رہ چکے ہیں۔ بعد میں انہوں نے اپنی سیاسی جماعت عوامی مسلم لیگ بنائی اور اسی کے ٹکٹ پر الیکشن لڑا۔
پاکستان کی قومی اسمبلی کے ریکارڈ کے مطابق شیخ رشید اس وقت عوامی مسلم لیگ کے اکلوتے رکن قومی اسمبلی ہیں۔ ان کے بھتیجے شیخ راشد شفیق بھی راولپنڈی سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہیں تاہم انہوں نے یہ کامیابی پاکستان تحریک انصاف کے ٹکٹ پر حاصل کی ہے۔

شیئر: