مملکت میں ’سیلف ڈرائیونگ گاڑیوں‘ کے حوالے سے جائزہ اجلاس
مملکت میں ’سیلف ڈرائیونگ گاڑیوں‘ کے حوالے سے جائزہ اجلاس
جمعہ 27 مئی 2022 14:35
سیلف ڈرائیونگ گاڑیوں کے حوالے سے اجلاس میں تفصیلی جائزہ لیا گیا(فوٹو، ٹوئٹر)
مملکت میں ڈرائیورکے بغیرچلنے والی گاڑیوں کے حوالے جائزہ لینے کے لیے اعلی سطح کا اجلاس منعقد کیا گیا ۔ اجلاس میں وزارت داخلہ اورسعودی اتھارٹی برائےمصنوعی ذہانت ’سدایا‘ کے ماہرین نے شرکت کی۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ای پی اے ‘ کے مطابق اجلاس محکمہ امن عامہ ریاض کے آفیسرز کلب میں منعقد کیا گیا جس میں سیلف ڈرائیونگ گاڑی کے حوالے سے مختلف پہلوں کا جائزہ لیا گیا ۔
منعقد ہونے والے اجلاس کا عنوان ’مملکت میں سیلف ڈرائیونگ گاڑیاں ، حقیقت اورخواہش کے درمیان ‘ رکھا گیا تھا۔ سیمینارمیں وزارت داخلہ کے اہم عہدیدار اور سعودی اتھارٹی برائے مصنوعی ذہانت کے ماہرین نے شرکت کی۔
ماہرین نے مملکت کے موسمی حالات ، شاہراہوں اورماحول سے متعلق اپنی جائزہ رپورٹ پیش کی علاوہ ازیں مختلف ممالک میں ڈرائیورکے بغیر چلنے والی گاڑیوں پرکیے جانے والے تجربات کی رپورٹس کے تناظر میں مملکت کے حالات کا تقابلی جائزہ پیش کیا گیا۔
دونوں اہم اداروں کی جانب سے پیش کی جانے والی رپورٹوں کی روشنی میں اس امر پراتفاق کیا گیا کہ تجرباتی طورپرجامع منصوبہ مرتب کیا جائے جس میں مذکورہ گاڑیوں کے حوالے سے تفصیلی معلومات مہیا کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کی آرا بھی شامل کی جائیں تاکہ اس کی روشنی میں حکمت عملی مرتب کی جاسکے۔
سیلف ڈرائیونگ والی گاڑیوں سے حادثات میں کمی ہوگی(فوٹو، ٹوئٹر)
واضح رہے دبئی میں سیلف ڈرائیونگ ٹیکسی سروس کا تجرباتی آغاز کیا گیا ہے اس حوالے سے ماہرین کا کہنا تھا کہ مصنوعی ذہانت کے استعمال سے سیلف ڈرائیونگ گاڑیوں کو متعارف کرانے سے حادثات پربہترانداز میں قابو پایاجاسکے گا۔
مصنوعی ذہانت کے ذریعے گاڑیوں میں انتہائی حساس سینسرز لگائے جاتے ہیں جو نہ صرف حدرفتار کو کنٹرول رکھتے ہیں بلکہ اطراف کے بارے میں بھی یہ سینسرز گاڑی کومسلسل کمانڈ کرتے ہیں۔