گیسٹ ہاؤسز میں چوریاں کرنے والا گروہ گرفتار
’چوری شدہ گاڑیوں کے نمبر پلیٹ استعمال کرکے پولیس کو گمراہ کرنے کی کوشش کرتے تھے‘ ( فوٹو: سبق)
قصیم پولیس نے متعدد گیسٹ ہاؤسز میں چوریاں کرنے والے 5 شہریوں کو گرفتار کر لیا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق مذکورہ افراد چوری شدہ گاڑیوں کے نمبر پلیٹ استعمال کرکے پولیس کو گمراہ کرنے کی کوشش کرتے تھے۔
قصیم ریجن پولیس نے کہا ہے کہ ’علاقے میں متعدد گیسٹ ہاؤسز کے مالکان کی طرف سے چوری کی شکایات موصول ہوئیں‘۔
’تفتیش کرنے پر معلوم ہوا کہ ملوث افراد ایک ہی گروہ سے تعلق رکھتے ہیں کیونکہ طریقہ واردات ایک ہی ہے‘۔
’مشکل یہ تھی کہ نگران کیمروں کی مدد سے ان کی شناخت گاڑی کی نمبر پلیٹ سے کرنے کی کوشش کی جاتی تو ہمیشہ ایک ہی نتیجہ نکلتا کہ نمبر پلیٹ چوری شدہ ہے‘۔
پولیس نے کہا ہے کہ ’آخر کار تفتیشی ٹیم نے گروہ کا سراغ لگا لیا اور انہیں قابو کرنے میں کامیاب ہوگئی‘۔
’مذکورہ افراد گیسٹ ہاؤسز سے قیمتی سامان اور بجلی کے آلات چوری کیا کرتے تھے اور انہیں استعمال شدہ مارکیٹ میں فروخت کرتے تھے‘۔
’گروہ کے افراد سے تفتیش جاری ہے تاکہ چوری شدہ سامان کی مالیت کا اندازہ ہوسکے‘۔