Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایلون مسک کے ذاتی طیارے پر نظر رکھنے والا ٹوئٹر اکاؤنٹ معطل

ایلون مسک نے جیک سوینے کا اکاؤنٹ بند نہ کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی۔ فوٹو: اے ایف پی
دنیا کے امیر ترین شخص اور ٹوئٹر کے مالک ایلون مسک کے آزادی رائے کے حق میں بیانات کے باوجود ان کے طیارے کی نقل و حرکت پر نظر رکھنے والا اکاؤنٹ معطل کر دیا گیا ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق اکاؤنٹ کے مالک جیک سوینے نے ٹویٹ کیا کہ ’ایلون جیٹ‘ کے نام سے ان کا ذاتی اکاؤنٹ معطل کر دیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ ایلون مسک نے جیک سوینے کو اکاؤنٹ بند کرنے کے بدلے میں پانچ ہزار ڈالر کی پیشکش بھی کی تھی۔
جبکہ ٹوئٹر کو خریدنے کے بعد مسک نے کہا تھا کہ آزادی اظہار کے حق کے تحت وہ جیک سوینے کا اکاؤنٹ بند نہیں کریں گے۔
جیک سوینے کا اکاؤنٹ معطل کرنے کے ساتھ ہی ٹوئٹر نے اپنی نئی پالیسی کا بھی اعلان کیا کہ کوئی بھی ایسی ٹویٹ نشر نہیں ہو گی جس میں کسی بھی شخص کی ریئل ٹائم لوکیشن سے متعلق معلومات فراہم کی گئی ہوں۔
جیک سوینے نے ٹوئٹر اکاؤنٹ معطل ہونے کے بعد انسٹاگرام پر پوسٹ میں لکھا کہ ’گزشتہ رات ایلون مسک کا جہاز لاس اینجلس سے آسٹن کے لیے روانہ ہوا جس کے بعد ٹوئٹر پر میرا اکاؤنٹ معطل کر دیا گیا۔‘
ایلون مسک نے بھی ٹویٹ کی کہ کسی کی بھی ریئل ٹائم لوکیشن فراہم کرنے والا اکاؤنٹ معطل کر دیا جائے گا، کیونکہ یہ جسمانی حفاظت (کے اصولوں کی) خلاف ورزی ہے۔
ٹوئٹر انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ ان ٹویٹس کی اجازت ہوگی جن میں ٹویٹ کرتے وقت ریئل ٹائم لوکیشن یا کسی بھی شخص کی اس وقت کسی مخصوص مقام پر موجودگی کی معلومات نہ فراہم کی گئی ہوں۔
اسی طرح سے کسی بھی شخص کی عوامی اجتماع یا کانسرٹ میں موجودگی سے متعلق ٹویٹس کی بھی اجازت ہوگی۔
جیک سوینے کا ٹوئٹر اکاؤنٹ اس لیے بھی صارفین میں مقبول تھا کہ کیونکہ وہ ایلون مسک کے طیارے کی نقل و حرکت پر نظر رکھتا تھا اور ارب پتی شخص کی ذاتی زندگی کی ایک جھلک ملتی رہتی تھی۔

شیئر: